اومنی گروپ کی درخواست، ایف آئی اے سے جواب طلب

October 23, 2019

سندھ ہائی کورٹ میں اومنی گروپ کی ایف آئی اے تحقیقات اور ہراساں کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت میں عدالت نے ایف آئی اے کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔

اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید کی ایف آئی اے کے خلاف درخواست کی سماعت میں ایف آئی اے حکام نے تحریری جواب جمع کرانے کے لیے مہلت طلب کرلی۔

دورانِ سماعت ایف آئی اے کے وکیل کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ متعلقہ حکام سے پوچھ کر بتا سکتے ہیں کہ مزید تحقیقات جاری ہیں یا نہیں۔

ایف آئی اے کے وکیل نے عدالت کو مزید بتایا کہ میگا منی لانڈرنگ کیس ایف آئی اے نے شروع کیا تاہم اب یہ نیب کو منتقل ہو چکا ہے۔

عدالت نے ایف آئی اے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔

یہ بھی پڑھیئے: انور مجید اور بیٹے کا جسمانی ریمانڈ منظور

انور مجید کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایف آئی اے سے پوچھا جائے کہ کتنی انکوائریز چلائی جا رہی ہیں اور ایف آئی اے انکوائری کے نام پر ہراساں کر رہی ہے۔

انور مجید کی جانب سے درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ایف آئی اے کو ہراساں کرنے اور انتقامی کارروائی سے روکا جائے۔