سرورِ کونین ﷺ پوری انسانیت کیلئے رحمت ہیں: شہباز شریف

November 10, 2019

مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سرورِ کونین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ پوری انسانیت کے لیے رحمت بنا کر بھیجے گئے۔

شہباز شریف نے ایک بیان میں عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آقا کریم ﷺ کا پیغام ابدی ہدایت اور کامیابی کی کلید ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرآنِ حکیم اور سیرتِ طیبہ ﷺ کو تھام کر دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں، آج کا دن سسکتی، تڑپتی اور جہالت میں ٹھوکریں کھاتی انسانیت کے لیے نجات اور فلاح کا دن ہے۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ قرآن کریم کے پیغام کو آپ ﷺ کی سیرتِ پاک کی روشنی میں نافذ کرنا ہی ہمارا مشن ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: حضور ﷺ نے زمین پر مثالی ریاست قائم کی، وزیر اعظم

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بھی آپ ﷺ کی سیرتِ پاک اور آپ ﷺ کے لائے ہوئے نظام کا مکمل گہوارہ بننا ہے۔

میاں محمد شہباز شریف نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ معیشت، معاشرت، سماج، انصاف، ثقافت سب اسی اسوۂ مبارک ﷺ کے مطابق پروان چڑھانا ہے۔

مسلم لیگ نون کے صدر نے یہ بھی کہا ہے کہ اسوۂ مبارک ﷺ پر عمل کرنا اور اس کی عملی تعبیر ہی سب سے اہم ذمہ داری ہے۔