نظام مصطفیٰ ہی پاکستان کو مستحکم و خوشحال اسلامی ملک بنا سکتاہے ،لیاقت بلوچ

November 13, 2019

لاہور(نمائندہ خصو صی)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے جے یو آئی یوتھ کے کیمپ ، پیغام مصطفےٰ کانفرنس سے خطاب اور آزاد جموں و کشمیر ، گلگت بلتستان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت خوشنما تقاریر کے سحر سے باہر آئے ۔کشمیریوں کو ہندوستان کے ظلم سے نجات کے لیے وزیراعظم عمران خان سیاسی بحران کو مزیدالجھانے کی بجائے سلجھائیں ۔ متفقہ قومی کشمیر پالیسی بنائیں ، قومی قیادت کو متحد کر کے سفارتی محاذ کا روڈ میپ لائیں ۔ جہاد فی سبیل اللہ سے انکار ریاست مدینہ کے دعوے داروں کو زیب نہیں دیتا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ نظام مصطفی ہی پاکستان کو مستحکم و خوشحال اسلامی پاکستان بنا سکتاہے ۔ دامن مصطفےٰ کو پکڑے بغیر اچھے لوگ اچھے ثابت نہیں ہوسکتے ۔عالم اسلام کی قیادت مسلمانوں کے معاشی ، سیاسی ، سفارتی اور دفاع کے مسائل کے حل کے لیے متحد ہو جائے ۔ نوجوان سچائی کے پرچار اور قول و فعل کا تضاد ختم کر کے ملک و ملت کی طاقت بن جائیں ۔