عشق رسول ﷺہی اتحاداورامن کی بنیاد ہے،مقررین

November 15, 2019

بارسلونا(جواد چیمہ) پوری دنیا کی طرح سپین کے مختلف شہروں میں میلاد النبی ﷺ کا دن نہایت مذہبی جوش وخروش سے منایا گیا۔سب سے بڑا جلوس بارسلونا میں نکالا گیا،جس کا اہتمام مسجد فیضان مدینہ نے کیا تھا جلوس میں ہزاروں عاشقان رسول ﷺ نے حصہ لیا۔اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حب رسول صلی اللہ علیہ وسلم عین ایمان ہے۔ قرآن کریم کی کئی آیات اور متعدد احادیث مبارکہ سے اطاعت و اسوۂ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اہمیت و فضیلت معلوم ہوتی ہے۔علمائے کرام نے کہا کہ عشق رسول ؐہی مرکز اتحاد، امن کی بنیاد ہے۔ تمام مکاتب فکرامن وپیار کا راستہ اپنائیں۔ سبز پرچم کی بقاء کیلئے سبز گنبد ؐ کے مکین سے رشتہ مضبوط کر نا ہو گا ۔مقررین نے مزید کہا کہ آج مسلمان پستیوں کی دلدل میں اس لیے پھنس رہا ہے ، کہ اس نے بلندیوں پر جانے والے بنی پاکؐ کا راستہ چھوڑ دیا ہے۔رضائے الہٰی کی منزل کوجانے والا ہر راستہ کوئے رضائے مصطفی ؐ سے ہوکر گزرتا ہے۔ اسوئہ حسنہ سے دل و نظر کی روشنی کشید کیے بغیر مسلمان تاریکیوں اور ظلمتوں سے باہر نہیں نکل سکتا ۔اس موقع پر قاری عبدالرحمان نے نعت رسول مقبول بھی پیش کی۔ جلوس کے شرکا تمام راستے سیدی مرشدی یانبی،یانبی کے نعرے بلند کرتے رہے۔