سندھ اسمبلی، پی پی رکن کی حلف برداری، اپوزیشن کا بائیکاٹ، حساب برابر

November 15, 2019

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی،ایوان میں اپوزیشن اور حکومت کے ارکان کا ایک دوسرے کو استعفے کا چیلنج،اسپیکر کی مداخلت،مجھے استعفے بھیج دیں،میں الیکشن کمیشن کو بھیج دونگا ،تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں جمعرات کو پیپلزپارٹی کے نو منتخب رکن صالح شاہ جیلانی نے اپنی رکنیت کا حلف اٹھالیا،اپوزیشن جماعتوں نے حلف برداری کا بائیکاٹ کرکے پیپلزپارٹی کے ساتھ حساب برابر کردیا جمعرات کو اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پی ایس 86 کے ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کے کامیاب امیدوار صالح شاہ جیلانی نے اسمبلی رکنیت کا حلف اْٹھایا،اس موقع پر اسپیکر آغا سراج درانی،وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور پی پی ارکان نے صالح شاہ جیلانی کو گلے لگا کر مبارکباد دی،اس موقع پر اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نے بھی نومنتخب رکن کومبارکباد دی اور کہا کہ میں ان کو مبارکباد دیتا ہوں مگر یہ الگ بات ہے کہ یہ الیکشن فیئر نہیں ہوئے،میں وزیر اعلیٰ کو چیلنج کرتا ہوں آئیں میرے حلقے سے الیکشن لڑیں،اس پروزیر اطلاعات سعید غنی کھڑے ہوئے اور کہا کہ ان کے دماغ میں خناس ہے میں ان کو چیلنج کرتا ہوں،فردوس شمیم مجھ سے مقابلہ کریں،اپوزیشن ارکان نے قبول قبول کی بات کی تو اسپیکر نے کہا کہ اگر تین دفعہ قبول ہوگیا توکیاہوگا؟ اس لئے بہتر ہے کہ چیلنج اگلے الیکشن میں دیں،پیپلزپارٹی کے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی کا کوئی رکن رکنیت سے استعفیٰ نہیں دیگا،انہیں معلوم ہے کہ دوبارہ الیکشن ہوئے تو ان میں سے کوئی بھی نہیں جیت سکتا۔