کراچی میں 3 مختلف مقامات پر آتشزدگی کے واقعات

November 16, 2019

کراچی میں حب ریور روڈ مشرف کالونی پہاڑی کے قریب پرانے سامان کے گودام میں، ملیر ٹنکی مارکیٹ میں دکان میں اور پاک کالونی میں کپڑے بنانے والی فیکٹری میں آگ لگ گئی۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق رات گئے مشرف کالونی پہاڑی کے قریب پرانے سامان کے گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس پر 7 فائر ٹینڈرز کی مدد سے ایک گھنٹے بعد قابو پالیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق آگ بجھائے جانے کے بعد گودام میں کولنگ کا عمل شروع کردیا گیا ہے جبکہ آتشزدگی کے باعث گودام میں موجود تمام سامان جل کر راکھ ہوگیا ہے۔

شہر میں لگنے والی دوسری آگ ملیر کے علاقے سے رپورٹ ہوئی جہاں ملیر ٹنکی مارکیٹ کی ایک دکان میں شارٹ سرکٹ ہوجانے کے باعث آگ بھڑک اٹھی ، تاہم اس پر جلد ہی قابو پالیا گیا۔

فائر برگیڈ ترجمان کا کہنا ہے کہ ملیر ٹنکی کی دکان میں لگی آگ بجھانے کے عمل میں 2 فائر ٹینڈرز نے حصہ لیا، جبکہ آتشزدگی کے باعث دکان میں موجود سامان جل گیا۔

رات میں لگنے والی تیسری آگ پاک کالونی میں کپڑے بنانے والی فیکٹری کی تھی جسے 7فائر ٹینڈرز کی مدد سے بجھادیا گیا، فائر بریگیڈ حکام کے مطابق یہاں آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔