چلڈرن ان نیڈ2019،ٹی وی پر مدد کی اپیل پر5گھنٹے میں 47.9ملین پونڈ جمع ہوگئے

November 17, 2019

لندن (پی اے) ضرورت مند بچوں، معذوروں، غربت کے شکار لوگوں اور زیادتی کے شکار لوگوں کی امداد کیلئے گزشتہ روز بی بی سی پر کی جانے والی امداد کی اپیل پر 5 گھنٹے میں 47.9 ملین پونڈ جمع ہوگئے، پروگرام میں سٹار وار کے معروف اداکاروں، ڈانسرز نے حصہ لیا، امداد کی اپیل پر عطیات دینے والوں میں ڈاکٹر، ایسٹ اینڈ کے رہائشیوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل تھے، 5گھنٹے کی اس ٹیلی تھیون میں فٹبال کے کھلاڑیوں میوزک کوئز کا سیلیبریٹی ایڈیشن دی ہٹ لسٹ اور لوئس ٹاملنسن اور ویسٹ لائف کی گلوکاری شامل تھی، اس موقع پر ناظرین کو چیریٹی کے تعاون سے چلنے والے کم وبیش 3 ہزار امدادی پروجیکٹس بھی دکھائے گئے، گزشتہ سال اس طرح کے پروگرام میں 50.6 ملین پونڈ جمع ہوئے تھے، چلڈرن ان نیڈ بی بی سی کی آفیشل یوکے چیرٹی ہے اور اس کے تحت ملک کے ضرورت مند لوگوں کی مدد کی جاتی ہے، جن میں بچے، معذور، غربت کے شکار اور معاشرے میں نظر انداز کئے جانے والےلوگ شامل ہیں۔ اس سال اس پروگرام میں کامیڈین ٹام ایلن نے بھی لائن اپ میں شرکت کی، ان میں گراہم نارٹن، ٹیس ڈیلے، میل گڈرائیک، ایڈ ایڈیپیٹن، مارون اور روشیل ہیومز شامل تھے، ایسٹ اینڈرز کے اداکار رک چیمپ، لوئزا لیٹن، میزی سمتھ اور روڈلف والکر نےالبرٹ سکوائر کے صرف رقص کیلئے مختص بال روم پر میلہ لوٹ لیا، سٹار وار کے اداکار ڈیزی رڈلے اورجون بوئیگا نے یوٹیوبر کولن فرز کو لینڈ سپیڈر ہوورز تیار کرنے کا چیلنج دیا۔ چلڈرن ان نیڈ کے نوجوانوں نے ان کی مدد کی، ’’ڈاکٹر ہو‘‘ کی جوڈی وہیٹیکر بھی سٹیج پر آئیں اور نارٹن نے 3 بچوں کو اپنے ساتھ چیٹ صوفہ شو میں شرکت کا موقع حاصل کرنے کی دعوت دی، دریں اثنا موک دی ویک، کریکر جیک اور ڈریگون کی کچھار کے خصوصی ورژن بھی پیش کئے گئے۔