دین سے دوری کی وجہ سے ہم مشکلات کا شکار ہیں :انجمن حسینیہ

November 18, 2019

ملتان( سٹا ف رپو ر ٹر ) انجمن حسینیہ کے جنرل سیکریٹری سید علی اصغر رضوی ، تحفظ عزاداری کونسل صوبہ پنجاب کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید طالب حسین پروازنے کہا ہے کہ حضرت محمد مصطفیٰ ؐ وحی الہٰی کے حامل ،پاکیزہ نسب اور برگزیدہ خلائق تھے آپ ؐ کو تمام انبیاءکے آخر میں بھیجا جس کے بعد سلسلہ نبوت ختم کردیا گیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے امام بارگاہ کاشانہ شبیر لال کرتی کینٹ میں جشن میلادمصطفی ٰ ؐاور حضرت امام جعفر صادق ؓ کے ولادت باسعادت کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں کیا ۔تقریب میں ذوہیب رضا قادری، کامران قریشی،افتخار حیدر،حافظ ارباب،حسن حیدر،ارسلان حیدر ،غضنفر عباس رضوی،حسنین رضا،علی اکبر،حسین علی ،عون علی،سید مبارک علی بخاری،اشفاق حسین نقوی،فراز نقوی نے نعت پیش کی۔ سید علی اصغر رضوی نے مزید کہا کہ دین سے دوری کی وجہ سے آج ہم مشکلات کا شکار ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ امت مسلمہ متحد اور تعلیمات نبوی پر عملی طور پر عمل پیرا ہو جائے ۔