کافی ٹائم کے عنوان سے عالمی میڈیاسےرابطے، وزارت خارجہ میں پہلی ملاقات

November 19, 2019

اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی) وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا کہ پاکستان، ملائیشیا اور ترکی جلد مشترکہ ٹی وی چینل شروع کرنے جارہے ہیں ، تفصیلات کے مطابق پاکستان میں “کافی ٹائم “کے عنوان سے عالمی میڈیا سے ملاقات کے سلسلے کا آغاز ہوگیا ،رابطے کی پہلی بیٹھک پیر کو وزارت خارجہ میں ہوئی ،جس میں بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔شاہ محمودقریش بھی شریک ہوئے،اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و امان کا خواہاں ہے ، بھارت غیر آئینی اقدامات سے امن تہہ وبالاکرنے کے درپے ہے ، امریکی ٹام لنٹاس کمیشن کی رپورٹ نے بھارت کو بے نقاب کردیا۔وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں ذرائع مواصلات پر مکمل پابندی ہے، انٹرنیٹ سروسز معطل ہے، عالمی میڈیا کو مقبوضہ وادی جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ، پاکستان نے کرتارپور راہداری کی صورت دنیا کو واضح پیغام دیا ، ہم مذہبی آزادی اور رواداری کے زریں اصولوں پر عمل پیرا ہیں۔شاہ محمودقریشی نےکہا کہ پاکستان قیام امن کیلئےمصالحتی کردار ادا کرتا رہے گا ۔