وزیراعظم کےبیانات اوررویوں کے اثرات عوام پر پڑتے ہیں، مصطفیٰ کمال

November 20, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم سمیت دیگر وزراء کے بیانات اور رویوں کے اثرات براہ راست عوام پر مرتب ہوتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب کورٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام میں معاشی استحکام ممکن نہیں۔ بانی متحدہ کے بھارت سے مدد اور سیاسی پناہ مانگنے پر مصطفیٰ کمال نے کہاکہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ تین سال پہلے جو کچھ ہم نے کہا وہ اللہ تعالٰی نے خود بانی متحدہ کے منہ سے نکلوا کر سچ ثابت کر دیا، بھارت سے مہاجر قوم کا نام لے کر مدد مانگنے کے باوجود آج ملک میں اردو بولنے والوں کے خلاف کوئی آپریشن نہیں ہوا، یہ ہماری ہی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ اب بانی متحدہ کا بیان مہاجروں کا بیان نہیں سمجھا جاتا، نہ ہی لوگ لاپتہ یا گرفتار ہوئے اور انہیں اگلی صبح شرمندہ شرمندہ نہیں گھومنا پڑتا۔ ہم نے کراچی بنایا تھا تو سندھ اور پاکستان بھی بنا سکتے ہیں۔