وقت آگیا ہے کہ معیشت کو گھٹن سے نکالا جائے، حفیظ پاشا

November 20, 2019

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ)ڈاکٹر حفیظ پاشا نے دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ رکی ہوئی معاشی سرگرمیوں میں تیزی لانے کیلئے ضروری ڈسکاؤنٹ ریٹ میں کمی لاتے ہوئے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو سرپلس میں بدلنے کی کامیابی کے بعد معیشت کو گھٹن سے نکالا جائے۔ وزیر اعظم عمران خان نے ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان کی معیشت آخرکار سیدھی سمت میں چل رہی ہے جیسا کہ معاشی اصلاحات کا پھل ملنے لگا ہے۔ 4 برس میں پہلی مرتبہ پاکستان کاکرنٹ اکاؤنٹ اکتوبر 2019 میں خسارے سےنکل کر سرپلس ہوا ہے اور ستمبر 2019 کے منفی 284 ملین ڈالرز اور اکتوبر 2018 کے منفی 1280 ملین ڈالرز کے مقابلے میں مثبت 99 ملین ڈالرز رہا۔ ایک ٹوئٹ میں وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت رزاق داؤد کا کہنا تھا کہ جولائی تا اکتوبر کے اعداد و شمار یہ اشارہ دیتے ہیں کہ جاری مالی سال میں سالانہ تجارتی خسارے میں 12 ارب ڈالرز سے لے کر 19 ارب ڈالرز تک کمی آسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ مالی سال میں تقریباً 10 لاکھ افراد بے روزگار ہوئے اور اتنے ہی لوگ جاری مالی سال کے اختتام تک اپنی نوکریاں کھودیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں اضافے کے باعث ملک کا متوسط طبقہ 20 فیصد متاثر ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رکی ہوئی معاشی سرگرمیوں کے باعث ملک میں متوسط طبقہ پستہ جارہا ہے۔ ڈاکٹر پاشا نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے خیرسگالی طور پر اپنے بجٹ میں اضافہ نہیں کیا لیکن حکومت نے اپنا بجٹ 29 فیصد تک بڑھا لیا ہے۔