سی پیک پر بلوچستان کا حق‘عوامی خدشات دور کئے جائیں‘جمعیت ن

November 21, 2019

کوئٹہ(آن لائن)جمعیت علماء اسلام نظریاتی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات حاجی عبدالستارچشتی حاجی حیات اللہ کاکڑ شیر جان صالح ودیگرنے کہاہے کہ بلوچستان کے عوام کو ہمیشہ خوشنمانعروں سے ٹرخایا گیا۔سی پیک منصوبے پر بلوچستان کے عوام کونظرانداز کردیا گیا،سی پیک کی کامیابی سے بلوچستان کا احساس محرومی دور ہوگا کیونکہ سی پیک معاشی گیم چینجر منصوبہ ہے ۔مقامی باشندوں، صنعت کاروں ،تاجروں کے مسائل حل اور ان کے تحفظات و خدشات کو دور کیاجائے ۔انہوں نے کہا کہ گوادر بلوچستان میں ہے سی پیک پر سب سے پہلے بلوچستان کا حق تھا اس کے تمام منصوبے و پروجیکٹ ایک صوبے تک محدود کردیئے گئے، یہاں تک کہ ایک مغربی روٹ ہر دور میں تاخیری حربوں کا شکار رہا۔انہوں نے کہا بلوچستان کے عوام کو ترقی کی خوشخبریاں سابقہ حکومتیں بھی سناتی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادرانتظامیہ کی بے حسی اور بے بسی سے جوئے اور منشیات کے اڈوں سے نوجوانوں کی زندگیاں تباہ ہورہی ہیں،جرائم کاخاتمہ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، حکومت نوجوان نسل کی زندگیوں سے کھیلنے والوں کے خلاف کارروائی کرے ۔