سندھ کابینہ اجلاس، گریڈ 5 سے 15 تک کی بھرتی تھرڈ پارٹی کے ذریعے کرانے کا فیصلہ

November 22, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کابینہ اجلاس، ڈیفالٹر ،غیر فعال اور پلی بارگین کرنے والی فلور ملز کو گندم کا کوٹہ نہ دینے اور گریڈ پانچ سے پندرہ تک کی بھرتی تھرڈپارٹی کے ذریعہ کرانے کا فیصلہ، تفصیلات کے مطابق ،وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ سید ناصر حسین شاہ کے ہمراہ سندھ کابینہ کے اجلاس میں کیے جانے والے فیصلوں سے متعلق اسمبلی کے کمیٹی روم میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں سندھ کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈیفالٹر ،غیر فعال اور پلی بارگین کرنے والی فلور ملز کو گندم کا کوٹہ دینے پر پابندی عائد کر دی ہے اور فلور ملز کو کوٹہ دینے کے لیے شرائط عائد کردیں گئی ہیں جو مل سندھ حکومت سے کوٹہ لیتے ہیں اور مل نہیں چلاتے ان پر جرمانہ عائد کیا جائے گاجو مل نہیں چلائیں گے ان کے خلاف نہ صرف کارروائی ہوگی بلکہ سبسڈی کے پیسے بھی واپس لیے جائیں گے۔

اجلاس میں اراکین کو بتایا گیا کہ مارکیٹ میں گندم کی بوری 5000 روپے کی ہے جو سندھ حکومت سبسڈی دے کر 3000 روپے میں دیتی ہے انہوں نے بتایا کہ بند فلور ملز کو بلیک لسٹ بھی کیا جائے گا اورملز کی بجلی کا بل دیکھ کرفیصلہ کیا جائے گا کہ مل چلائی گئی ہے یا نہیں۔

سندھ کابینہ کو بتایا گیا کہ سندھ حکومت نے پیسکو سے گندم خریدی ہے گھوٹکی، سکھر اور خیرپور میں 64 فلور ملز ہیں ان ملز میں 21 ملز نے پلی بارگین کی تھی۔