آپ کا بچہ پیار کی کون سی زبان پسند کرتا ہے؟

November 24, 2019

1992ء میں گیری چیپمین نے "The Five Love Languages: How to Express Heartfelt Commitment to Your Mate"لکھی تھی۔ اس کتاب میں گیری نے بتایا تھا کہ پیار کی ان پانچ زبانوں کو روزمرہ زندگی میں استعمال کرتے ہوئے آپ اپنے زندگی بھر کے ساتھی کے ساتھ گہرے تعلقات استوار کرسکتے ہیں۔

گزشتہ تین دہائیوں کے دوران، اس کتاب میں بتائے گئے اصولوں کا اطلاق، میاں بیوی کے تعلقات میں بہتری لانے کے لیے استعمال کرنے کے علاوہ دیگر باہمی تعلقات میں بھی کیا جانے لگا ہے، جن میں خاندان کے دیگر افراد، دوست اور بچے شامل ہیں۔

پیار کی پانچ زبانیں کیا ہیں؟

ہر بچے کی اپنی شخصیت اور مزاج ہوتا ہے۔ ہر بچہ والدین سے مختلف نوعیت کی زبان میں بات چیت کرنا اور سننا پسند کرتا ہے۔ جب والدین اپنے بچے کی شخصیت اور مزاج کو سمجھتے ہوئے، اس کے مطابق بچے سے گفتگو کرتے یا اس سے مخاطب ہوتے ہیں تو یہ عمل ان کے درمیان باہمی تعلق کو مضبوط بنانے اور بچے کی جذباتی صحت میں بہتری کا باعث بنتا ہے۔

یقین دہانی والے الفاظ

وہ بچے، جن کی پیار کی زبان کی بنیاد’یقین دہانی‘ پر مشتمل ہوتی ہے، وہ کسی بھی اور چیز کے مقابلے میں اپنے والدین سے یقین دہانی والے الفاظ سُننے کے متمنی ہوتے ہیں، جن میںبہت ہی سادہ سے جُملے جیسے ’آئی لَو یو‘ اور ’آئی ایپریشی اَیٹ یو‘ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ’تھینک یو فار ڈوئنگ یور ہوم ورک‘ اور اس جیسے دیگر جملے بھی ایسے بچوں کے جذبے، محنت اور اعتماد کو بڑھانے کے لیے مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔

والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے ایسے بچوں کے لیے مبارکباد کے کارڈز بنا کر انھیں پیش کیا کریں یا پھر ان کے لنچ باکس میں ایسے نوٹس ڈال دیا کریں، جنھیں وہ اسکول میں لنچ بریک کے موقع پر پڑھ کر اپنے اعتماد کو بڑھتا ہوا محسوس کریں۔ ماہرین کے مطابق، آپ کا بچہ پیار کی ’یقین دہانی‘ والی زبان سمجھتا ہے تو اس کی کچھ نشانیاں ایسی ہوسکتی ہیں!

٭وہ بار بار آپ سے یقین دہانی چاہے گا کہ آپ اس سے پیار کرتے ہیں۔

٭وہ اپنی خوبصورتی یا نئے لباس وغیرہ پر آپ سے تعریفی کلمات سُننا چاہے گا۔

تحائف

ایک بامعنی یا بامقصد تحفہ آپ کے بچے کو یہ احساس دِلانے کے لیے کافی ثابت ہوسکتا ہے کہ آپ اس کی اچھی باتوں کو نظرانداز نہیں کرتے بلکہ ان کی تعریف کرتے ہیں اور اس سے پیار کرتے ہیں۔ اس طرح کے تحائف میں تعطیلات سے قبل نئی ’کلرنگ بُک‘ یا پھر زبردست رپورٹ کارڈ آنے پر نیا ویڈیو گیم جیسی چیزیں شامل ہوسکتی ہیں۔ اگر آپ کے بچے میں کچھ درج ذیل نشانیاں موجود ہیں تو وہ پیار کی ’تحائف‘ والی زبان سمجھتا ہے!

٭اسے گلے لگنے سے زیادہ تحائف حاصل کرنے میں زیادہ خوشی محسوس ہوتی ہے۔

٭وہ چاہتا ہےکہ خالی خولی توجہ ملنے کے بجائے تحائف کے ذریعے اس کی تحسین کی جائے۔

خدمات

وہ بچے جن کی پیار کی زبان ’خدمت‘ ہوتی ہے، وہ یقین دہانی والے الفاظ سُننے اور تحائف وصول کرنے کے بجائے اس بات کو پسند کرتے ہیں کہ کوئی ان کے چھوٹے چھوٹے کاموں میںان کا ہاتھ بٹائے یا وہ کام ان کے لیے کوئی اور انجام دے۔

مثال کے طور پر کوئی لنچ تیار کرکے انھیں پکڑائے یا کوئی ان کے دُھلے ہوئے کپڑے تہہ کرکے الماری میں رکھ دے۔ اگر آپ اپنے کم عمر بچے میں پیار کی اس زبان کو جاننا چاہتے ہیں تو اس کی نشانیاں کچھ اس طرح ہوسکتی ہیں:

٭کوئی نیا ہنر سیکھنے کیلئے وہ آپ کو مدد کیلئے کہے۔

٭اسکول پروجیکٹ پر کام کرنے کیلئے رہنمائی کے لیے وہ آپ کی طرف دیکھے۔

کوالٹی ٹائم

اگر آپ کا بچہ پیار کی یہ والی زبان سمجھتا ہے تو وہ چاہے گا کہ آپ اپنی دنیا کی توجہ کا مرکز اسے بنالیں، وہ چاہے گا کہ آپ ٹیلی ویژن یا اسمارٹ گیجٹس میں مصروف ہوئے بغیر صرف اور صرف اسے ہی اپنی غیرمتزلزل توجہ دیں۔

اگر آپ اپنی بےحد مصروف روزمرہ زندگی میں سے ایک مخصوص وقت اپنے بچے کے ساتھ اس طرح گزار لیں تو وہ بات اس کے اعتماد میں اضافے اور جذباتی صحت کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگی۔ آپ کے بچے کو پیار کی یہ زبان اچھی لگتی ہے، اگر وہ:

٭سوتے وقت کہانیاں سُننا پسند کرے۔

٭ آپ کی توجہ حاصل کرنے کی جستجو میں رہے۔

فزیکل ٹَچ

جب والدین اپنے بچے کو پیار سے چھوتے ہیں تو یہ عمل ان کے عصبی نظام کو پُرسکون بناتا ہے۔ ایسے بچے جو پیار کی ’فزیکل ٹَچ‘ والی زبان کو ترجیح دیتے ہیں، انھیں گلے لگانے، پیٹھ ملنے، ہاتھ تھامنے، چومنے اور پیٹھ تھپتھپانے میں اچھا محسوس ہوتا ہے۔

اس کے علاوہ، ایسے بچے والدین کے ساتھ کھیلنے اور جسمانی مشقت والی سرگرمیوں سے بھی لطف اندوز ہوتےہیں۔ آپ کے بچے کو پیار کی یہ زبان اچھی لگتی ہے، اگر وہ:

٭کئی بار گلے لگنے اور چومنے کے لیے کہے۔

٭افسردگی کی حالت میں وہ اپنے مسائل پر بات کرنے کے بجائے آپ سے فزیکل ٹَچ کی توقع رکھے گا۔

ماہرین کے مطابق، ہرچندکہ ہر بچے کی پیار کی ایک بنیادی زبان ہوتی ہے، جسے وہ سب سے زیادہ پسند کرتا اور سمجھتا ہے، تاہم چھوٹی عمر میں انھیں ہر طرح کا غیرمشروط پیار دینا سب سے بہترین ثابت ہوتا ہے۔