بیڈروم میں ’سرخ اینٹوں کی دیوار‘

November 24, 2019

تخلیقی صلاحیت ہونا ایک تحیر انگیز نعمت ہے، جس کی بدولت انسان نے کئی شاندار عجائبات تخلیق کیے ہیں۔ ان تخلیقات میں نہ صرف وہ اشیاء شامل ہیں، جنہیں ہم زندگی بہتر بنانے کیلئے استعمال کرتے ہیں بلکہ وہ اشیائے سجاوٹ بھی شامل ہیں جنہیں دیکھ کر ہم آسودگی، سکون اور اطمینان کی کیفیات محسوس کرتے ہیں۔

آرکیٹیکچر اور انٹیریئر ڈیزائننگ کے میدان میں ہونے والی تبدیلیاں بھی انھیں تخلیقات کی مرہون منت ہیں، جس کے پیش نظر گارے اور مٹی سے تیار کیے گئے مواد کو دورانِ تعمیر اس انداز میں استعمال کیا جاتا ہے کہ عقل دنگ رہ جاتی ہے۔

گھر میں اینٹوں کےاستعمال کی ہی مثال لے لیں، جنہیں چھپانے کے لیے عموماً رنگ وروغن اور منفرد تراکیب استعمال کی جاتی ہیں۔ تاہم اب ایک جدید گھر میں نہ صرف ایکسٹیریئر بلکہ انٹیریئر میں بھی رسٹک ٹچ دینے کے لیے ان اینٹوں کا استعمال بطور ٹرینڈ کیا جاتا ہے۔

تمام لوگوں کے لیےبیڈروم خاص اہمیت کا حامل ہوتا ہے کیونکہ یہ جگہ جتنی پرسکون ہوتی ہے، انسان خود کو اتنا زیادہ ہی آرام دہ محسوس کرتا ہے۔ آج کے مضمون میں بیڈروم کی تعمیر یا تزئینِ نو کے لیے چند تجاویز پیش کی جارہی ہیں، جن کے ذریعے بیڈروم کو ٹرینڈی اور پرسکون بنایا جاسکتا ہے۔

نیچرل ٹچ

بیڈروم کو قدرتی انداز فراہم کرنے کے لیے سرخ اینٹوں کا استعمال بغیر رنگ و روغن اس کی اصل حالت میں ہی کیا جاتا ہے۔ اگر بات ہو نیویارک میں تعمیر شدہ گھروں کی تو وہاں عالیشان بنگلوں اور عام اپارٹمنٹس میں بیڈروم کی مرکزی دیوار کے لیے سرخ اینٹیں استعمال کرنا ایک عام ٹرینڈ ہے۔

وہ لوگ جو جمالیاتی حِس رکھتے ہیں، اس دیوار کی تزئین و آرائش ان کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے۔ آپ بھی جب بیڈروم کی مرکزی دیوار کو سرخ اینٹوں سے مزین کریں تو اس بات کا خیال رکھیں کہ کمرے کی دیگر دیواریں سادہ مگر خوبصورت رنگوں کے ساتھ ہوں، ان دیواروں کی سجاوٹ کا بھی خاص دھیان رکھیں کیونکہ یہ طرز سجاوٹ آپ کے کمرے کو چار چاندلگادے گی۔

ماڈرن بیڈروم ڈیزائن

اگر آپ بیڈروم کو نیچرل ٹچ دینے کے بجائے، ماڈرن خطوط پر ڈیزائن کرنے کے خواہشمند ہیں تو اینٹوں کو ان کی اصل حالت میں رکھنے کے بجائے مختلف رنگوںکے ساتھ تعمیر کروائیں۔ بیڈروم میںوائٹ واش کی گئی اینٹوب کی دیوار منیملسٹ ڈیزائننگ ٹرینڈ کا حصہ ہے ، جس کیلئے آپ کو زیادہ محنت کرنے کی ضرورت بھی محسوس نہیں ہوگی۔ وائٹ واش کی گئی اینٹوں کی دیوار کے ساتھ عام روایتی فرنیچر، لیمپ اور راؤنڈ ٹیبل آپ کے بیڈ روم کو جدید طرز فراہم کرے گی ۔

ماسٹر بیڈروم

کلاسیکل اور جدید انداز میں تعمیر کروائے گئے بیڈرومز میں اینٹوں والی دیوار کی تعمیر کیلئے بیڈ وال کے ساتھ دیگر دیواروں کا انتخاب بھی کیا جاتا ہے، جو منفرد لگتا ہے۔ اگر آپ کم بجٹ میں بیڈروم کی تزئین نو کرنا چاہتے ہیں تو بیڈ کے سراہنے کیلئے مرکزی دیوار کے بجائے دائیں یا بائیں طرف والی دیوار کا انتخاب کریں۔

آپ مرکزی دیوار کو تزئین و آرائش کیلئے استعمال کریں اور اس پر اینٹوں والی دیوار کی تعمیر اس انداز میں کروائیں کہ نچلے حصے میں آپ سردیوں کی راتوں کا لطف اٹھانے کیلئے فائر پلیس بھی بنواسکیں۔ اس دیوار پرمختلف پینٹنگز اور لیمپ کی تنصیب بیڈروم میں داخلے کے ساتھ ہی تمام تر توجہ اپنی جانب مبذول کرانے میں کامیاب رہیں گے۔

ونڈو برکس وال

بیڈروم کی خالی جگہوں کو قدرتی روشنی سے روشن کرنے یا تاریک گوشوں کو قدرتی روشنی اور تازہ ہواسے سرشار کرنے کیلئے کھڑکی مرکزی کردار ادا کرتی ہے۔ کھڑکیاں آپ کے بیڈروم میں ایک خوشگوار احساس پیدا کرتی ہیں۔ اگر آپ کے بیڈرو م میں بھی کھڑکی موجود ہے تو سجاوٹ یا برکس وال کیلئے کھڑکی والی دیوار سے بہتر کوئی اور دیوار نہیں۔ کھڑکی کے ارد گرد سرخ اینٹیں لگاکر آپ ایک منفرد بیڈروم ڈیزائن پر عمل کر سکتےہیں ۔

مختصر مگر شاندار

بیڈ ہیڈ بورڈ کے لیے لازمی نہیں مکمل اینٹوں والی دیوار ہی تعمیر کروائی جائے، آپ دائیں بائیںعام روایتی دیوار جبکہ مرکز میں عمودی انداز میں اینٹیں لگواسکتے ہیں، یہ دیوار تعمیر کے بعد بظاہر بیڈ ہیڈ بورڈ کا ہی حصہ لگے گی۔ سُرخ اینٹوں کے ساتھ تعمیر کروائی گئی دیوار دیکھنے میں ہی شاندار لگتی ہے۔

چارکول پینٹڈ برکس وال

اینٹوں کی دیوار کے لیے قدرتی اور وائٹ واش اسٹائل سے مختلف ایک انداز چارکول پینٹڈ برکس وال کا بھی ہے۔ اگر آپ بھی سیاہ رنگ کے دیوانے ہیں اور روایتی سوچ کے برعکس بیڈروم ڈیزائن کرنے کی خواہش رکھتے ہیںتو اس ڈیزائن پر عمل کریں۔ مرکزی دیوار پر چارکول پینٹ کی ہوئی اینٹیں لگوائیں اور اگر بجٹ اجازت دے تو دائیں یا بائیں طرف گہرے رنگ کے مواد سے فلور ونڈو تعمیر کروائی جاسکتی ہے ۔

چونکہ کمرے میں مرکزی دیواراور ونڈو کی تنصیب کیلئے گہرے رنگوں کا استعمال کیا جاتا ہے، لہٰذا فرش کے رنگ کیلئے پیسٹل یا سفید رنگ کا انتخاب کمرے کو ایک الگ ہی انداز دے گا۔ ہمیں یقین ہے کہ اس طرز کابیڈروم ڈیزائن آپ کے جمالیاتی ذوق کی ترجمانی کرے گا۔