یومِ عاشور پر شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہوئے ملک بھر میں یوم عاشور کی مجالس برپا کی گئیں اور جلوس نکالے گئے۔
ملک کے مختلف شہروں میں عاشورہ کے جلوسوں میں عزاداری اور سینہ کوبی کی گئی، مجالس میں حضرت امام حسین رضی اللّٰہ عنہ اور ان کے رفقاء کی عظیم قربانی کا ذکر کیا گیا۔
اس موقع پر جلوسوں اور مجالس کے مقام پر موبائل فون سروس معطل ہے، جبکہ کئی شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی بھی عائد ہے۔
کراچی میں نشتر پارک سے مجلس کے بعد شروع ہونے والا 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس مقررہ راستوں صدر ریگل چوک، تبت سینٹر ایم اے جناح روڈ سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر پہنچ کر اختتام پزیر ہو گیا۔
لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پزیر ہو گیا۔
مرکزی جلوس گزشتہ شب نثار حویلی اندرونِ موچی گیٹ سے برآمد ہوا تھا، جلوس کے روٹ پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
پشاور میں یومِ عاشور کے تمام جلوس اپنی امام بارگاہوں میں پہنچ کر ختم ہو گئے، جلوسوں میں شریک عزاداروں نے زنجیر زنی، سینہ کوبی اور نوحہ خوانی کی ۔
تمام جلوسوں کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرونز کے ذریعے جلوسوں کی نگرانی کی گئی۔
پشاور میں امام بارہ گاہ حاجی ملک رحمٰن اور عالم شاہ جعفری کے جلوس بھی اختتام پزیر ہو گئے۔
کوئٹہ میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس علمدار روڈ کی امام بارگاہ ہزارہ ناصر آباد پہنچ کر اختتام پزیر ہو گیا، اس سے قبل 3 دستے پنجابی امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پزیر ہوئے۔
کراچی اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کی گئی جبکہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی۔
ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں عاشورہ کے جلوس روایتی راستوں سے ہوئے اپنی منزلوں پر پہنچ کر اختتام پزیر ہو رہے ہیں۔
روہڑی میں 500 سالہ قدیم نوڈھالہ تعزیہ جلوس اپنی تیسری منزل شہداء قبرستان پہنچ کر اختتام پزیر ہو گیا۔
جلوس 9 محرم کی رات امام بارگاہ شاہ عراق سے 4 بجے شمع گل ہونے کے ساتھ برآمد ہوا تھا، جو 36 گھنٹے بعد شہداء قبرستان پہنچ کر اختتام پزیر ہوا۔
ملتان میں استاد اور شاگرد کے قدیمی تعزیے اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پزیر ہوئے۔
ملتان میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس درگاہ شاہ شمس پہنچ کر اختتام پزیر ہو گیا۔
بہاولنگر میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس مرکزی امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پزیر ہوا۔
میانوالی میں 10 ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ قصر بتول پہنچ کر اختتام پزیر ہو گیا، یومِ عاشور کا مرکزی جلوس صبح 8 بجے امام بارگاہ وادیٔ اسلام جنوبی قبرستان سے برآمد ہوا تھا۔
حیدر آباد میں یومِ عاشور کا مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ کربلا دادن شاہ پہنچ کر اختتام پزیرہوا۔
نوشہرہ میں یوم عاشورکا جلوس امام بارگاہ علی مسجد پہنچ کر اختتام پزیر ہو گیا۔
نوشہرہ میں دوسرا جلوس بھی امام بارگاہ خٹک بلڈنگ میں اختتام پزیر ہوا۔
چکوال میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ سرپاک پہنچ کر اختتام پزیر ہو گیا۔
جھنگ میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس دربارِ بلاق شاہ پہنچ کر اختتام پزیر ہوا۔
استور میں صوبائی وزیرِ داخلہ شمس الحق لون نے بتایا کہ یومِ عاشور کا جلوس پُرامن طریقے سے اختتام پزیر ہو گیا۔
گلگت میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس مرکزی امامیہ مسجد پہنچ کر اختتام پزیر ہوا۔
ڈی جی خان میں یومِ عاشورہ کا مرکزی جلوس مقام کربلا پر ختم ہو گیا، مرکزی جلوس امام بارگاہ حیدریہ سے برآمد ہوا تھا۔
فیصل آباد میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عزا خانہ شبیر دھوبی گھاٹ پہنچ کر اختتام پزیر ہوا۔
مظفر آباد میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ پیر علم شاہ بخاری پر پہنچ کر اختتام پزیر ہو گیا۔
مظفر گڑھ میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ امامیہ پہنچ کر اختتام پزیرہوا۔
یومِ عاشور پر ملک بھر میں عزاداروں کے لیے لنگر کے انتظامات کیے گئے ہیں، حیدرآباد میں عزاداروں کے لیے چکن اور مٹن کے قیمے بھرے پراٹھوں اور رول کا لنگر لگایا گیا۔
گوجرانوالہ کے پکوان سینٹرز پر حلیم اور بریانی کے ساتھ ساتھ عزاداروں کے لیے زردہ بھی تیار کیا گیا جبکہ رحیم یار خان میں جلوس کے شرکاء کے لیے حلیم، پلاؤ، بریانی اور ٹھنڈے مشروبات کی سبیلیں لگائی گئیں۔
بہاولنگر میں یومِ عاشور پر عزاداروں کے لیے گوشت اور دال کی سو سے زائد دیگیں تیار کی گئیں۔