ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے محرم میں امن و امان، صفائی اور خدمت کا نیا ریکارڈ بنایا ہے۔
جاری کیے گئے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب کی تاریخ میں محرم الحرام کے سب سے بڑے انتظامات کیے گئے، عزاداروں کو خوراک اور پانی فراہم کیا گیا، فیلڈ اسپتال اور کلینکس آن ویلز سمیت پورا طبی عملہ موجود رہا۔
ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق صوبے میں 1 لاکھ 8 ہزار سے زائد پولیس اہلکار جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی پر مامور ہیں، رینجرز بھی پولیس کی معاونت کے لیے تعینات ہے، انتظامیہ، پولیس، ریسکیو، صحت و صفائی سمیت تمام اداروں نے ایک ٹیم بن کر کام کیا۔
انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ، پولیس، ریسکیو اور دیگر اداروں کا بے مثال اشتراک جاری ہے، فیک نیوز کی روک تھام کے لیے پہلی بار سائبر پیٹرولنگ بھی جاری ہے، کنٹرول روم قائم ہیں جو 24 گھنٹے مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق جلوسوں اور مجالس کے داخلی اور خارجی راستو ں پر سیکیورٹی گیٹ نصب ہیں، شربت اور لیموں پانی کی سبیلیں بھی لگائی گئی ہیں۔
ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ پہلی بار جلوسوں کے راستے کو گرمی کی شدت کے باعث پانی کے چھڑکاؤ سے ٹھنڈا کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں امن و امان، صفائی، عوام اور عزاداروں کی مثالی خدمت کی گئی۔
پنجاب حکومت کے ترجمان کے مطابق جلوسوں اور مجالس کے لیے ستھرا پنجاب کے تحت صفائی کا خصوصی اہتمام کیا گیا، بجلی کے بکھرے تاروں سمیت جلوسوں کے راستے سے ہر طرح کی رکاوٹیں ہٹائی گئیں۔