ملکہ ہالینڈ کا دورہ پاکستان

November 27, 2019

پچھلے کچھ عرصہ میں عالمی سطح پر ہونے والے چند واقعات اور تبدیلیوں نے وطنِ عزیز پر یہ حقیقت عیاں کردی تھی کہ اسے دنیا بھر کے ممالک سے دوستانہ مراسم بڑھانا ہوں گے۔ عہدِ حاضر میں کسی ملک کا تن تنہا ترقی و خوشحالی تو کیا اپنے مسائل پر بھی قابو پانا آسان نہیں۔ پاکستان نے اس ضمن میں جو کاوشیں کیں ثمر بار ہورہی ہیں اور بعض دوسرے سربراہانِ مملکت کی طرح ہالینڈ کی ملکہ میکسما بھی پیر کی صبح پاکستان کے تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ملکہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو پاکستان میں دیرپا اقتصادی ترقی کے لئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں پاکستان کی اقتصادی بحالی، سماجی اور معاشی ترقی پر تبادلہ خیال کیا گیا، فریقین نے قابل تجدید، توانائی، زراعت اور ہارٹی کلچر میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔ ہالینڈ یورپ کا ایک اہم ملک ہے، بین الاقوامی عدالت انصاف جو اقوام متحدہ کے مرکزی عدالتی نظام کا بنیادی جزو ہے، ہالینڈ کے ہی’’امن محل‘‘ میں قائم ہے، ملک کی معیشت میں بڑا حصہ پھولوں اور ڈیری مصنوعات کی برآمد ہے، ملکہ میکسما اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کے طور پر دورہ پاکستان پر ہیں لیکن ان کے اس دورے سے پاکستان اور ہالینڈ کے مابین بھی بہتر اور دوستانہ تعلقات فروغ پائیں گے جیسا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملکہ کے دورے سے پاکستان میں غریب طبقات کے لئے مالی معاونت کی کوششوں کو تقویت ملے گی اور جامع قومی حکمت عملی کے تحت 2023تک 30لاکھ نوکریاں پیدا ہونے کی توقع ہے۔ کوئی شک نہیں کہ ملکہ میکسما کا دورہ پاکستان کے لئے یورپ کے مزید دروازے کھولنے کا باعث بن سکتا ہے کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ بھی حاصل ہے۔ پاکستان کو ایسے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998