الیکشن کمیشن تقرریاں،چیئرمین سینٹ اسپیکرمیں آج اہم مشاورت

December 02, 2019

اسلام آباد( طاہر خلیل ) الیکشن کمیشن کو غیر فعال ہونے سے بچانے کیلئے حکومت اور اپوزیشن جماعتیں سرگرم ہو گئیں،الیکشن کمیشن کے 2نئے ممبران اور چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے مجوزہ ناموں پر چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اور سپیکر اسد قیصر کے درمیان آج اہم مشاورت ہو گی،بروقت تقرری نہ ہونے سے الیکشن کمیشن غیرفعال ہوجائیگا ، جبکہ خصوصی پارلیمانی کمیٹی برائے تقرر الیکشن کمشنر و اراکین کا اجلاس کل منگل کو طلب کر لیا گیا ، اسلام آباد میں ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی طرف سے مجوزہ ناموں پر چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی آج سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے اہم ملاقات کریں گے ، ملاقات پارلیمنٹ ہائوس سپیکر چیمبر میں ہو گی، جس میں وزیر اعظم آفس اور اپوزیشن لیڈر چیمبر کی جانب سے الیکشن کمیشن کے سندھ اور بلوچستان کیلئے ایک ایک رکن تقرری سے متعلق مجوزہ ناموں پر غور ہو گا، الیکشن کمیشن کے سندھ اور بلوچستان کے ممبران کی ریٹائرمنٹ کے بعد سے گزشتہ 11ماہ سے یہ سیٹیں خالی پڑی ہیں اب جبکہ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا خان کی ریٹائرمنٹ 6 دسمبر کو ہو گی ،خالی عہدوں پر بروقت تقرری نہ ہوئی تو 3 ارکان کی عدم موجودگی سےملک نئے آئینی بحران کا شکا ر ہو سکتا ہےاور الیکشن کمیشن غیر فعال ہو جائے گا ،الیکشن کمیشن کی فعالیت کیلئے کم سے کم 3 ارکان کی موجودگی ضروری ہے ، بروقت تقرریاں نہ ہوئیں تو 7 دسمبر کو الیکشن کمیشن غیر فعال ہو سکتا ہے اور غیر فعال الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات اور کوئی ضمنی انتخاب نہیں کرا سکے گا، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر اور اراکین الیکشن کمیشن کی تقرری کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس منگل کو صبح دس بجے پارلیمنٹ ہاؤس کمیٹی روم میں طلب کیا گیا ہے۔