’پکنک ٹور بہترین رہا، تمام کھلاڑی لطف اندوز ہوئے‘

December 02, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

’پکنک ٹور بہترین رہا، تمام کھلاڑی لطف اندوز ہوئے‘

پاکستان کرکٹ ٹیم کی آسٹریلیا کے ہاتھوں ایک اور شکست کے بعد سوشل میڈیا پر ٹیم سے متعلق دلچسپ تبصرے سامنے آئے۔

آسٹریلیا نے برسبین کے بعد ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں بھی پاکستان کو شکست دے کر سیریز میں شاہینوں کو 0-2 سے وائٹ واش کردیا جبکہ ٹور میں شاہینوں کو فتح سے محروم رکھا۔

ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر کی ٹرپل سنچری کی بدولت پہلی اننگز میں 589 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا، جواب میں پاکستانی ٹیم 302 رنز بناسکی اور فالو آن کا شکار ہوئی۔

کینگروز نے شاہینوں کو فالو آن کروایا تو بھی ٹیم پہلی اننگز کے خسارے سے ہی باہر نہ نکل سکی اور 239 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی جس کے ساتھ ہی یہ میچ اننگز اور 48 رنز سے آسٹریلیا کے نام رہا۔

اس شکست کے بعد کرکٹ مداحوں نے اپن غم و غصہ دلچسپ انداز میں نکالا جہاں ٹیم پر منفی اور مثبت تنقید دکھائی دی۔

ایک صارف نے لکھا کہ پاکستان کی ٹیم کسی بھی اننگز میں ڈیوڈ وارنر کے 335 رنز کے برابر رنز نہ بناسکی، یہ ٹیم کے لیے کتنا مایوس کن ٹور تھا۔

ایک صارف نے ٹیم کے جلدی آؤٹ ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ آسٹریلیا کی ٹیم کتنی اچھی ہے جو خود ایک مرتبہ جبکہ ہمیں 2 مرتبہ بیٹنگ کرواتی ہے۔

ایک صارف نے یاسر شاہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جو میسی (ارجنٹائن کے فٹبالر) کی طرح دکھائی دیتا ہے وہ میسی کی طرح کارکردگی بھی دکھاتا ہے۔

ٹوئٹر پر ایک صارف نے سیریز کے اعداد و شمار کا ربط بہت ہی دلچسپ انداز میں بنایا جہاں اس نے تصویر شیئر کی جس میں یہ معلومات دی گئی تھیں کہ آسٹریلیا نے ٹی ٹوئنٹی سیریز 0-2 اور ٹیسٹ سیریز بھی 0-2 سے اپنے نام کی۔

ساتھ ہی اپنے پیغام میں اس صارف نے لکھا کہ اتفاق کے ساتھ پاکستان دونوں سیریز (پورا ٹور) 0-2 سے ہار گیا۔

سوشل میڈیا پر ٹیم کے خلاف آنے والی ان میمز میں سابق کپتان سرفراز احمد کو بھی شامل کیا گیا جہاں ایک صارف نے ان کی سیلفی والی تصویر شیئر کی۔

اس تصویر میں فوٹو شاپ کی مدد سے ترمیم کی گئی اور سرفراز احمد کو آسٹریلیا کی ٹیم کے ساتھ سیلفی لیتے ہوئے دکھایا گیا۔

اس صارف نے لکھا کہ ایک جذباتی کرکٹ مداح فاتح ٹیم کے ساتھ سیلفی لے رہے ہیں۔

ان ہی تنقیدی ٹوئٹس کے درمیان ایک صارف نے کوچ مصباح الحق کو دلچسپ انداز میں آڑھے ہاتھوں لیا۔

انہوں نے لکھا کہ یاسر شاہ نے 36 ٹیسٹ میچز کھیلنے کے باوجود سنچری اسکور نہیں کی لیکن مصباح الحق کی کوچنگ میں کھیلتے ہوئے انہوں نے صرف 2 میچوں میں ہی سنچری اسکور کرلی۔

ایک صارف نے اوپنر امام الحق کی خوشگوار موڈ میں لی گئی ایک تصویر پر اپنی مرضی کا تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’پکنک ٹور بہترین رہا، تمام کھلاڑی اس سے بھرپور لطف اندوز ہوئے‘۔

ایک صارف نے اپنے غم کو علیحدہ انداز میں کم کیا اور لکھا کہ ذرائع کے مطابق پاکستانی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے آسٹریلین ٹیم کے کپتان ٹم پین، بیٹسمین ڈیوڈ وارنر سمیت تمام عملے کے خلاف انٹروپول میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔