اراکینِ الیکشن کمیشن پر اپوزیشن و حکومت میں اتفاق ہو گیا: مزاری

December 03, 2019

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ارکان کے تقرر کے معاملے میں پیش رفت ہوئی ہے، بلوچستان سے رکن کے نام پر اتفاق ہو گیا جبکہ سندھ سے رکن کے نام پر نون لیگ اور پیپلز پارٹی میں ڈیڈ لاک برقرار ہے۔

کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں کمیٹی کی چیئر پرسن وفاقی وزیرِ انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری کی زیرِ صدارت ہوا۔

شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن اور حکومت کا الیکشن کمیشن کے ارکان کے ناموں پر اتفاق ہو گیا ہے، اپوزیشن نے قیادت سے مشاورت کے لیے وقت مانگا ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ اسی سلسلے میں کل 2 بجے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوگا، الیکشن کمیشن کے ارکان کے ناموں کا اعلان بھی کل ہی کر دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیئے: الیکشن کمیشن تقرریاں،چیئرمین سینٹ اسپیکر میں مشاورت

الیکشن کمیشن کے ارکان کے ناموں کے حوالے سے مسلم لیگ نون کے رہنما مشاہد اللّٰہ خان نے کہا ہے کہ کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن ارکان کی تعداد برابر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کمیٹی جائزہ لے رہی ہے، ابھی کسی نام پر اتفاق نہیں ہوا، سندھ سے الیکشن کمیشن کے رکن کے نام پر نون لیگ اور پیپلز پارٹی میں ڈیڈ لاک برقرار ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے لیے قائم خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں الیکشن کمیشن کے سندھ اور بلوچستان کے ارکان کی تعیناتی کا فیصلہ نہیں ہو سکا تھا جس کی وجہ سے کمیٹی کا اجلاس آج دوبارہ ہوا ہے۔