دوتہائی سے زائد ووٹرز الیکشن سے قبل برتسز کا نقطہ نظر جاننے کا خواہشمند

December 04, 2019

لندن (پی اے) تقریباً دو تہائی برطانوی ووٹرز نے بزنس کمیونٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ الیکشن کے برطانیہ میں جابس اور سرمایہ کاری پر مرتب ہونے والے اثرات کے بارے میں اپنا نقطہ نظر بیان کریں۔ پروفیشنل سروسز فرم پن سینٹ میسونز کی جانب سے کی گئی نئی تحقیق کے مطابق تقریباً 62 فیصد ووٹرز کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ بزنسز کیلئے یہ بات اہم ہے کہ وہ یہ بات واضح کریں کہ انتخابات کے صنعت پر کیا اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ تاہم صرف ایک تہائی ووٹرز ( 32فیصد) کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ بزنسز کی یہ سوچ جاننا ’’اہم‘‘ ہے کہ اگلے ماہ ہونے والے انتخابات میں وہ کس کو ووٹ دیں گے۔ ریسرچ میں جن ووٹرز سے سوالات کئے گئے ان کا کہنا تھا کہ وہ چھوٹے اور درمیانہ درجہ کے بزنسز کے خیالات جاننا چاہتے ہیں۔ بریگزٹ کے بارے میں 17 فیصد نے کہا کہ ای یو ریفرنڈم کے بعد سے بزنسز کا نقطہ نظر اہم ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ برطانیہ کے بڑے بز نس رہنما عام طور پر اپنے سیاسی نظریات پوشیدہ رکھتے ہیں، توقعات کے برخلاف ویدر سپونز کے بانی ٹم مارٹن اس ہفتہ بریگزٹ پارٹی کے امیدوار رچرڈ ٹائس کو سپورٹ کر چکے ہیں۔ پن سینٹ میسونز کے ڈائریکٹر پبلک پالیسی اینڈریو ہینڈرسن نے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی کا نقطہ نظر اس انتخابی مہم میں ’’مرکزی سطح پر سامنے نہیں آیا‘‘ کیونکہ بیشتر اپنا نقطہ نظر عوامی سطح پر لانے سے ہچکچاتے ہیں۔