الٹی گنتی شروع ہوچکی، دسمبر عمران نیازی پر بھاری ہوگا، فضل الرحمٰن

December 04, 2019

کوئٹہ (نیوز ایجنسیاں) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ متحدہ اپوزیشن کے اتحاد اور مشترکہ جدوجہد نے حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا ہے، پارلیمنٹ میں کسی بھی ترمیم اور قانون سازی نئے انتخابات اور موجودہ ۰وزیر اعظم کے خاتمہ کے بعد ممکن ہوسکے گی۔ وہ جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان حافظ حسین احمد سے ان کی رہائشگاہ پر جماعتی امور پر مشاورت کے بعد گفتگو کررہے تھے، اس موقع پر صوبائی امیررکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ مولانا فضل الرحمن نے مزید کہا کہ متحدہ اپوزیشن نئے انتخابات کے مطالبہ پر سیسہ پلائی دیوار بن چکی ہے اور حزب اختلاف کی پارٹیوں کے سربراہوں کی باہمی مشاورت کا آغاز کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ ماہ دسمبر عمران نیازی پر بھاری ہوگا اور آزادی مارچ کے بعد سے اس حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے، انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں قوانین کے تدوین اور آئین میں ترمیم کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، انہوں نے کہا کہ ہفتہ رفتہ کے واقعات کے بحران سے اپوزیشن کے موقف کی تائید ہوگئی ہے۔