کشمیر وائس انٹر نیشنل کے اجلاس میں کشمیر کی صورتحال پر اظہار تشویش

December 06, 2019

لندن (پ ر) کشمیر وائس انٹر نیشنل کا ایک اجلاس سپاٹس ولیج، سائوتھ ہال لندن میں ہوا، جس میں کشمیر سے تعلق رکھنے والے کچھ نان کے وی آئی کے ارکان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں کشمیر کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے کشمیر کی دکھ بھری صورت حال اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بد ترین صورتحال کا سامنا ہے اور جس کے بارے میں آنے والی رپورٹوں سے پتہ چلتا ہے کہ کشمیر5اگست2019سے مختلف ہے، زمینی حقائق بہت سخت اور مایوس کن ہیں، حالات کے معمول پر ہونے کا دعویٰ بے بنیاد ہے جو بھارت کے کچھ دانشوروں، سیاستدانوں اور انسانی حقوق کے گروپوں کی رپورٹوں سے واضح ہے۔ وقفے وقفے سے خودمختاری کے منافی جموں و کشمیر کے بارے میں بھارتی آئین کی شقوں کے اطلاق کے عمل سے اس کے مقصد کو شکست ہوئی ہے اور اس کے بجائے کشمیریوں کی دوری کو تقویت ملی ہے، جن کا آزادی کے لیے عزم مضبوط ہوا ہے۔ کشمیر کی سڑکوں پر ہزاروں فوجیوں کی تعیناتی کے ذریعے ہونے والا ظلم و ستم عوام کے ارادے کو توڑ نہیں سکا، جو مشکل ترین حالات کا سامنا کرتے ہوئے چار ماہ سے پرامن مزاحمت پر اترے ہوئے ہیں۔ کسی بھی پیمانے پر آئینی تبدیلیوں اور بھارتی قوانین کے اطلاق سے مسئلہ کشمیر کا وجود متاثر نہیں ہوا ہے جو بین الاقوامی سطح پر توجہ دلا رہا ہے۔ کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے اور اس کے حل کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں کشمیر کی مصیبت زدہ صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے برطانیہ میں کشمیریوں کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ان کے متحد ہوکر کام کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا اور اس مقصد کے لیے سیکریٹری کے وی آئی نے شرکا کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر طے کیا گیا کہ وی آئی جوائنٹ کشمیر ایکشن گروپ شروع کرنے کے لیے مختلف گروپوں اور افراد سے رابطہ کرے گا۔ اجلاس کے اختتام پر دو نئے ارکان نے کے وی آئی میں شمولیت اختیار کی جن کا گرمجوشی سے استقبال کیا گیا۔