’کانسرٹ میں جوتا نہیں ، ٹوپی پھینکی گئی تھی‘

December 06, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

کوک اسٹوڈیو سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے نوجوان گلوکار عاصم اظہر نے کانسرٹ کے دوران جوتا پھینکنے کی حالیہ افواہوں کی تردید کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کانسرٹ کے دوران جوتا نہیں بلکہ ٹوپی پھینکی گئی تھی۔

گلوکار نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ’جوتا پڑ گیا، بس کردو‘ کے عنوان سے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں کانسرٹ کی یاد تازہ کرتے ہوئے پورا منظر فلمایا گیا ہے ۔

ویڈیو میں عاصم اظہر کا کہنا تھا کہ ’کئی دنوں سے ویڈیو دیکھ رہا ہوں کہ جوتا پڑگیا جب تک بات مجھ پر تھی میں چپ تھا لیکن اب مداحوں کی بات ہے اور اس لڑکے کو گالیاں دی جا رہی ہیں جس نے جوتا نہیں بلکہ ٹوپی پھینکی تھی۔‘


گلوکار نے وضاحت دی کہ کانسرٹ کے دوران پرستار جو بھی چیزیں پھینکتے ہیں ، ہم اٹھا کر رکھ لیتے ہیں، انہوں نے اس دوران اکٹھی کی جانے والی چیزیں بھی دکھائیں۔

اپنی ویڈیو میں عاصم اظہر نے مداحوں کی جانب سے ٹوپی کے علاوہ اسٹیج کی جانب اچھالی جانے والی انگوٹھی، گھڑی، ڈائری سمیت دیگر چیزیں دکھائیں اور مداحوں سے درخواست کی کہ عوام کو بُرا نہ کہیں بلکہ بُرا انہیں کہیں جو غلط خبریں پھیلاتے ہیں ۔

عاصم اظہر نے آخر میں پیغام دیا کہ اگر آئندہ کبھی جوتا پڑ بھی گیا تو کوئی بات نہیں کیونکہ ہمیں پرستاروں کی وجہ سے ہی شہرت ملتی ہے اور وہ گلہ بھی کر سکتے ہیں، لیکن اس بار جوتا نہیں تھا۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پرجوتا اچھالے جانے کی ویڈیو وائرل ہوئی تو صارفین نے مداح کے خلاف بولنا شروع کر دیا تھا جس کے جواب میں گلوکار اپنے مداح کے دفاع میں حاضر ہوئے اور بتایا کہ اُن سے محبت کرنے والے مداح نے پیار سے اُن کی جانب ٹوپی اچھالی تھی جسے پہن کر انہوں نے ویڈیو بنائی۔

عاصم ان دنوں پاکستان سمیت ورلڈ وائڈ ٹور کر رہے ہیں ۔اسلام آباد ، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں اور پشاور میں شیڈول کانسرٹس کے علاوہ عاصم اظہر 9، 10 اور 16 نومبر کو بین الاقوامی سطح پر بھی پرفارم کرچکے ہیں۔