مقبوضہ وادی بھارت مخالف نعروں سے گونج اٹھی،بھارتی فوج کے تشدد سے متعدد کشمیری زخمی

December 07, 2019

سرینگر(جنگ نیوز)مقبوضہ وادی بھارت مخالف نعروں سے گونج اٹھی،جمعے کو ہونیوالے مظاہروں کے دوران بھارتی فوج کے تشدد سے متعدد کشمیری زخمی بھی ہوئے ،ادھر جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری انتونیو گوئترس سے پارٹی چیئرمین محمد یاسین ملک کی حفاظت کیلئے اقدامات کی اپیل کی ہے۔تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے اضلا ع میں بھارت کیخلاف بھرپور احتجاج کیا گیا،جس سے وادی بھارت مخالف نعروں سے گونج اٹھی،ادھر مسلسل 18 ویں جمعے بھی بھارتی فوجی سرینگر کی جامع مسجد سمیت وادی کی کئی مساجد کے باہر تعیمات رہے اور کشمیریوں کو نماز جمعہ کی ادائیگی سے روک دیا گیا، تاہم سرینگر،بڈگام،گندربال،اسلام آباد، پلوامہ، کلگام، شوپیاں،بانڈی پورہ، بارہمولہ، کپواڑہ اور کئی دیگر اضلاع میں آزادی کے حق میں نعرے لگائے،اسی دوران بھارتی فوج سے کئی مقامات پر جھڑپیں بھی ہوئیں اور فورسز کی آنسو گیس کی شیلنگ اور فائرنگ سے متعدد کشمیری زخمی ہوگئے۔