پی ٹی آئی لیڈرز کی پراپرٹیز تفصیلات کیلئے برطانوی ادارے سے رابطہ کرونگا، عابد شیر

December 08, 2019

لندن (سعید نیازی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر عابد شیر علی نے کہا ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے لیڈرز کی لاکھوں پونڈ مالیت کی پراپرٹیز کی تفصیلات کیلئے نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) سے رابطہ کریں گے۔ پریس کانفرنس میں انہوں نے اعلان کیا کہ وہ این سی اے کو تحریر کریں گے کہ وہ کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو فیصل وائوڈا وفاقی وزیر فار واٹر ریسورسز، علیم خان، جہانگیر ترین اور وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کی پراپرٹیز کے بارے میں الرٹ کریں۔ عابد شیر علی نے کہا کہ فیصل وائوڈا30 ملین پونڈ سے زیادہ مالیت کی پراپرٹی کے مالک ہیں لیکن انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی ہے کہ انہوں نے یہ رقم پاکستان سے برطانیہ کس طرح بھیجی۔ فیصل وائوڈا کی جائیداد ہائیڈ پارک اور پارک لین کے ارد گرد ہے اور انہوں نے اس بارے میں جواب فراہم نہیں کئے کہ انہوں نے رقم پاکستان سے بیرون ملک کس طرح بھیجی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ایک سال قبل قومی احتساب بیورو (نیب) سے درخواست کی تھی کہ وہ ان کے اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنمائوں کے خلاف تحقیقات کریں مگر پی ٹی آئی اور نیب کا اتحاد ہے، اس لئے فیصل وائوڈا کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا گیا اور کسی نے ان سے یہ نہیں پوچھا کہ انہوں نے غیرقانونی پیسے سے یہ پراپرٹیز کیسے بنائیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ وائوڈا نے اس رقم کی رسیدیں کیوں نہیں دکھائیں، جو پاکستان سے برطانیہ بھیجی گئی، اس کی منی ٹریل کہاں ہے اور یہ پیسہ لندن میں کیسے پہنچا؟ نیب ان سے کچھ نہیں پوچھ رہا کیونکہ نیب کا ادارہ پی ٹی آئی کے کنٹرول میں ہے لیکن میں یہ یقینی بنائوں گا کہ میں اس وقت تک ان کا پیچھا کروں جب تک کہ پاکستانی عوام کو ان کی حقیقت معلوم نہ ہو جائے۔