عالمی بنک چین کو قرضہ فراہمی سے باز رہے، امریکی مطالبہ

December 08, 2019

واشنگٹن(آئی این پی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی بینک سے چین کو قرضوں کی فراہمی روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ امر یکہ اور چین مابین معاشی جنگ جاری ہے،چین کے پاس بڑی مقدارمیں رقم موجود ہے۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی بینک سے چین کو قرضوں کی فراہمی روکنے کا مطالبہ کر دیا۔امریکہ اور چین کے درمیان معاشی جنگ جاری ہے جس کے نتیجے میں دونوں ممالک ایک دوسرے کی اشیا پر بھاری بھرکم ٹیکسز عائد کر رہے ہیں۔دوسری جانب عالمی بینک نے کم شرح سود پر چین کے لیے ایک سے ڈیڑھ ارب ڈالر امداد کا پلان اپنایا ہے۔عالمی بینک کے اس پلان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے امریکی صدر نے عالمی بینک سے کہا ہے کہ چین کو قرضہ کیوں دیا جا رہا ہے، چین کے پاس بڑی تعداد میں رقم موجود ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر چین کے پاس رقم نہ بھی ہو تو وہ اسے پیدا کر سکتا ہے، عالمی بینک چین کو قرضوں کی فراہمی روکے۔