9میپکو آپریشن سرکلوں میں کھلی کچہری، 235 شکایات پیش

December 08, 2019

ملتان (سٹاف رپورٹر) میپکو ریجن کے زیر انتظام 9آپریشن سرکلوں میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیاگیاجس میں 235صارفین نے شکایات پیش کیں ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل میپکو ملتان سرکل ارشدمنیر ڈاہا نے ڈپٹی کمرشل منیجر ارشاد سیال کے ہمراہ دربار موسیٰ پاک شہید کی النگ پاک گیٹ روڈ پر واقع مسجد میں صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کے لئے کھلی کچہری لگائی جس میں 13صارفین نے اپنی شکایات پیش کیں ان میں بلوں کی اقساط، گھر کے اوپر سے گزرنے والی تاروں کی شفٹنگ، میٹروں کی تبدیلی اور دیگر نوعیت کی شکایات پر موقع پر احکامات جاری کئے گئے ۔ ایس ڈی او پاک گیٹ سب ڈویژن ثاقب انعام اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمرشل منیجر میپکو سرکل وہاڑی بلال گیلانی نے ایکسین میلسی ڈویژن محمد مشتاق اٹھنگل کے ہمراہ مسجدپرانا لاری اڈا ٹبہ سلطان پور میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں31افراد کی شکایات کا ازالہ کیاگیا۔ سپرنٹنڈنگ انجینئر بہاولپور سرکل سید جواد منصورکی مسجدمیپکو کمپلیکس لودھراں ڈویژن میں لگائی گئی کھلی کچہری میں20جبکہ سپریٹنڈنگ انجینئر خانیوال سرکل محمد شہزاد راعی نے صارفین کی شکایات کے ازالے کے لئے جامع نور مسجد کبیروالہ میںکھلی کچہری لگائی جس میں73صارفین نے اپنی شکایات پیش کیں ان پر موقع پر احکامات جاری کردئیے گئے ۔