پولیس ملازمین کی ویلفیئر اور سائلین کی دادرسی کیلئے اقدامات شروع

December 09, 2019

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) سٹی پولیس آفیسر نے ملازمین کی ویلفیئر اور سائلین کی دادرسی کیلئے اقدامات شروع کر دیئے۔ راولپنڈی پولیس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پولیس لائن میں رہنے والے ملازمین کو گرم پانی کی فراہمی کیلئے گیزر کی تنصیب کیلئے کام شروع کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سی پی او محمد احسن یونس نے چارج سنبھالنے کے بعد پہلے روز ہی پولیس لائن کا دورہ کیا ۔ سی پی او نے گزشتہ روز شادی کیلئے چھٹی مانگنے والے 3ملازمین کو نہ صرف ایک ایک ماہ کی رخصت دی بلکہ انہیں ویلفیئر فنڈ سے فی ملازم 5ہزار روپے کی سلامی بھی دی گئی۔ادہر سی پی او نے سی پی او ہائوس میں تعینات درجہ چہارم اور سکیورٹی کیلئے تعینات فالتو عملہ بھی واپس کر دیا اور ایم ٹی او کو بلا کر سی پی او ہائوس میں موجود فالتو گاڑیاں بھی واپس کردیں اور قانون کے مطابق سی پی او کیلئے مختص صرف دو گاڑیاں رکھنے پر اکتفا کیا اور حکم دیا کہ آئندہ ان دو سرکاری گاڑیوں کیلئے صرف اتنا پٹرول فراہم کیا جائے جتنا کہ قانون اجازت دیتا ہے۔