اندازہ ہے ، پرفارم نہیں کروں گا، تو ٹیم سے باہر ہو جاؤں گا، شان مسعود

December 09, 2019

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بائیں ہاتھ کے ٹیسٹ بیٹس مین شان مسعود کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کے چیف سلیکٹر اور کوچ کے دوہرے عہدے کھلاڑیوں کے لیے ٹیم میں رہنے کا پیمانہ نہیں بن سکتے، سلیکشن پرفارمنس پر ہوتی ہے اور بناء پرفارمنس کے کوئی آپ کو ٹیم میں رکھ نہیں سکتا۔

انہوں نے اپنا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بخوبی اندازہ ہے کہ انہیں ٹیم میں رہنے کے لیے رنز بنانا ہوں گے، وہ بخوبی اس بات کو جانتے ہیں کہ یہی پاکستان کے لیے مسلسل کھیلنے کا ایک واحد راستہ ہے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

اندازہ ہے ، پرفارم نہیں کروں گا، تو ٹیم سے باہر ہو جاؤں گا، شان مسعود

30 سالہ شان مسعود کہتے ہیں کہ کرکٹ سری لنکا کے بے حد مشکور اور ممنون ہیں کہ انہوں نے اپنی ٹیسٹ ٹیم پاکستان کھیلنے کے لیے بھیجی ہے۔

شان مسعود کا کہنا ہے کہ اپنے ملک میں کھیلنے کا کیا تجربہ ہے ہمارے بیشتر کھلاڑی اس سے ناواقف ہیں، سابق کپتان مصباح الحق اور لیجنڈ بیٹس مین یونس خان اپنے عروج کے وقت میں ہوم گراؤنڈ پر کھیل ہی نہیں سکے۔

کپتان اظہر علی 75 اور اسد شفیق 71 ٹیسٹ کھیل چکے ہیں ، البتہ وہ پہلی بار پاکستان میں کوئی ٹیسٹ کھیلیں گے۔

17 ٹیسٹ میچوں میں 949 رنز بنانے والے شان مسعود کہتے ہیں کہ 2013ء سے 2017ء تک انہیں محض 12ٹیسٹ کھیلنے کا موقع مل سکا۔

آخری دو ٹیسٹ سیریز میں انہیں مکمل مواقع ملے، جنوبی افریقا میں 3 ٹیسٹ میں 38 کی اوسط سے انہوں نے 228 رنز اور آسڑیلیا میں دو ٹیسٹ میں 43 کی اوسط سے 156رنز بنائے، وہ مانتے ہیں کہ دونوں سیریز میں قدم جما کر بڑی اننگز کھیلتے ہوئے انہوں نے اپنی وکٹ گنوائی، جس کا انہیں افسوس ہے، البتہ اب وہ آگے بڑھنا چاہتے ہیں ۔