پاکستان 76 سال بعد بھی اندرونی و بیرونی غلامی کا شکار ہے، حافظ نعیم الرحمان

May 26, 2024

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظنعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان 76 سال بعد بھی اندرونی و بیرونی غلامی کا شکار ہے۔

جماعت اسلامی کے مرکزمنصورہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آئین میں بیوروکریسی، عدلیہ، پارلیمنٹ، فوج کی حدود واضح ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل میں ہے، ملک میں آئین کی بالادستی ہونی چاہیے، جس کی حدود متعین ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ آئین کو بار بار پامال کرنے سے ادارے تباہ اور پاکستان نیچے چلا جاتا ہے، چند لوگوں کی خواہش کے پیچھے پورا ادارہ تباہ ہو جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں فارم 47 پر حکومت مسلط کردی گئی، فارم 45 پر نتیجہ آنا چاہیے، جوڈیشل کمیشن بننا چاہیے، سپریم کورٹ مداخلت کرے۔

حافظ نعیم الرحمان نے یہ بھی کہا کہ ری الیکشن کو ہوا دینا مناسب نہیں ہے۔ ن لیگ، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم میں اخلاقی طاقت ہوتی تو راستہ چھوڑ دیتے۔

انہوں نے کہا کہ نیا الیکشن کمیشن وجود میں آنا چاہیے، انتخابی اصلاحات ہونی چاہئیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ انڈسڑی تباہ ہوگئی، زراعت کے شعبے میں کھاد اور یوریا بلیک میں ملتی ہے۔ گندم والی کمیٹی کی رپورٹ میں محسن نقوی اور انوارالحق کا نام ہے، اسے سامنے لائیں۔