ڈیانا کے لباس کو خریدار نہ مل سکا

December 10, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

ڈیانا کے لباس کو خریدار نہ مل سکا

آنجہانی برطانوی شہزادی ڈیانا کے زیب تن کیے گئے ایک یادگار لباس کو نیلامی کے دوران خریدار ہی نہ مل سکا۔

اس لباس کی نیلامی کے دوران بولی نہ لگائے جانے سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ برطانیہ کی سابقہ شہزادی اور موجودہ شہزادوں کی والدہ کی مقبولیت دنیا کی نظر میں کم ہوتی جارہی ہے۔

مزید پڑھیے: شہزادی کیٹ کے کپڑے ڈیزائن کرنے والی کون؟

پیشن فار فیشن کے نام سے لندن میں کیری ٹیلر کی جانب سے تاریخی ملبوسات کی نیلامی کی گئی جو ماضی میں دنیا کی معتبر شخصیات زیب تن کر چکی ہیں۔

اس نیلامی میں برطانیہ کی سابقہ شہزادی ڈیانا کا نیلے رنگ کا مخمل کا لباس بھی فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا۔

شہزادی ڈیانا نے 1985 میں دورہ امریکا کے دوران وائٹ ہاؤس میں اس لباس کو زیب تن کیا تھا۔

یہ لباس شہزادی ڈیانا نے 1985 میں دورہ امریکا کے دوران وائٹ ہاؤس میں منعقدہ عشائیے کے دوران پہنا تھا اور اس موقع پر انہوں نے معروف اداکار جان ٹریوولٹا کے ساتھ رقص بھی کیا تھا جس کی تصاویر آج بھی اپنی اہمیت رکھتی ہیں۔

مزید پڑھیے: کیٹ مڈلٹن پاکستانی ڈیزائنر کی شکرگزار

مذکورہ لباس شہزادی ڈیانا کی جانب سے زیب تن کیے گئے معروف لباس میں سے ایک ہے۔

پیشن فار فیشن کے دوران ڈیانا کے اس لباس کی قیمت ڈھائی لاکھ سے 3 لاکھ پاؤنڈ ( تقریباً 5 کروڑ روپے سے 6 کروڑ روپے) مختص کی گئی تھی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے نیلام کرتا کیری ٹیلر نے بتایا تھا کہ اس لباس کی خریداری میں برطانیہ اور امریکا سے تعلق رکھنے والے افراد نے دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس سے قبل 2013 میں ایک شخص نے اپنی اہلیہ کو خوش کرنے کے لیے یہ لباس 2 لاکھ برطانوی پاؤنڈ میں خریدا تھا۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کیری ٹیلر کا کہنا تھا کہ اس خریداری کے بعد سے یہ لباس زیادہ تر وقت الماری کی ہی زینت بنا رہا۔

اسی نیلامی کے دوران شہزادی ڈیانا کے 2 ملبوسات 48 ہزار پاؤنڈ اور 28 ہزار پاؤنڈ میں فروخت ہوئے۔