• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہزادی کیٹ کے کپڑے ڈیزائن کرنے والی کون؟

برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن چار روزہ دورہ پاکستان پر اسلام آباد پہنچیں تو انہوں نے آسمانی رنگ کا روایتی لباس شلوار قمیض پہنا ہوا تھا، جس نے لیڈی ڈیانا کی یاد دلادی کیونکہ آنجہانی لیڈی ڈیانا نے بھی 1996 میں دورہ پاکستان کے موقع پر آسمانی لباس زیب تن کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے: کیٹ کی آمد سے ڈیانا کی یادیں تازہ کیسے ہوئیں؟

کیٹ کا زیب تن کیا ہلکے نیلے رنگ کا جدید طرز کا شلوار قمیض فرانسیسی برطانوی ڈیزائنر ’کیتھرین واکر‘ نے ڈیزائن کیا تھا، جو کہ شہزادی ڈیانا کی بھی پسندیدہ ڈیزائنر تھیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق دورہ پاکستان کے موقع پر شہزادی کیٹ ایک سے زائد ڈیزائنروں کے بنائے ہوئے کپڑے پہن رہی ہیں۔ تاہم اب تک کے دورے میں شہزادی کیٹ صرف پاکستانی لباس (شلوار قمیض) ہی پہنے دکھائی دی ہیں۔

برطانوی میڈیا نے شہزادی کیٹ کی ایک ڈیزائنر ’ماہین خان‘ سے خصوصی گفتگو کی ہے جن کا تعلق کراچی سے ہے۔ ماہین خان کی خاص بات یہ ہے کہ سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی سبز قمیض اور سفید دوپٹہ انہوں نے بنایا تھا جو کہ آج بھی لند ن کے ایک میوزیم میں اُن کے مجسمےنے پہن رکھا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے جمائما سے لے کر بیگم آغا خان کے لیے بھی بہت کپڑے بنائے ہیں۔

دوران گفتگو ماہین خان نے بتایا کہ مجھے فخر ہے کہ میں نے بہت سی جانی پہچانی ہستیوں کے لیے کپڑے ڈیزائن کیے اور آج شہزادی کیٹ نے بھی میرا ڈیزائن کردہ سوٹ پہنا ہے۔

ماہین خان کا کہنا ہے کہ میں اپنا کام بہت محنت اور شوق سے کرتی ہوں۔ شہزادی کیٹ کے لیے کپڑے ڈیزائن کر کے مجھے بے حد خوشی ہوئی ہے۔ پاکستان کے دورے پر شہزادی کیٹ بہت سے ڈیزائنروں کے بنائے ہوئے لباس پہنیں گی۔

شہزادی کیٹ کے کپڑوں سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ میں نے کیٹ کے کپڑے بناتے ہوئے کوئی خاص اسٹائل یا رنگ ذہن میں نہیں رکھا اور نا ہی میں نے شہزادی ڈیانا کے کپڑوں کو دیکھا تھا بلکہ میرے خیال میں شہزادی کیٹ کے کپڑوں کے رنگ شہزادی ڈیانا کے کپڑوں سے ملنا محض ایک اتفاق ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے شہزادی کیٹ کو دیکھتے ہوئے سوچا کہ اُن کے سنہری بال ہیں تو نیلا رنگ لازمی اُن کے کپڑوں میں ہونا چاہیے، اس کے علاوہ میں نے یہ بھی سوچا کہ کپڑے ایسے ہونے چاہیئیں جو اُن پر اچھے لگیں اور ہماری پاکستانی ثقافت کی جھلک ان میں نمایاں ہو۔

ماہین نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں شاہی جوڑے کے دورہ اسکول کے موقع پر شہزادی کیٹ نے گہرے نیلے رنگ کا جو سوٹ پہنا تھا وہ میں نے ڈیزائن کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے یہ فخر اور خوشی کی بات ہے کہ جو لباس میں نے شہزادی کیٹ کو بنا کر دیے وہ انہوں نے پہنے۔

برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان آمد


یہ بھی پڑھیے: شہزادہ ولیم، کیٹ میڈلٹن نے رکشے کی سواری کی

ماہین نے بتایا کہ شہزادی کیٹ کے لباس میں نے ان کی سادگی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے بنائے۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے ڈیزائن کیے ہوئے دوپٹوں میں عموماً دو رنگ شامل کرتی ہوں، میرے ذہن میں یہ تھا کہ شہزادی کیٹ کو بھی ایسے دوپٹے پسند آئیں گے، اس لیے میں نے ان کے لیے بھی ایسے ہی دوپٹے بنائے۔ کیٹ کے لیے بنائے گئے ملبوسات میں مختلف اقسام کا کپڑا استعمال کیا ہے جس میں شفون اور را سلک شامل ہیں۔

ماہین نے کہا کہ مجھے اندازہ تھا کہ شہزادی کیٹ کو سادہ، کلاسک اور خوبصورت لباس پہننا اچھا لگتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ماہین نے بتایا کہ لندن میں ایک شاپ ہے جہاں میرے ڈیزائن کیے ہوئے کپڑے موجود ہیں۔ برطانوی شاہی خاندان کے نمائندے وہاں گئے اور وہاں سے میرے کپڑے اُٹھائے پھر مجھ سے رابطہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ کیٹ نے جو گہرے نیلے رنگ کا لباس پہنا تھا اس کے بہت سارے آرڈر مل چکے ہیں۔ میری ٹیم نئے آرڈر پر کام کر رہی ہے۔

تازہ ترین