آرمی چیف کی زیرصدارت 7 گھنٹےطویل اہم کورکمانڈرز کانفرنس، فیصلوں کا اعلان آج

December 11, 2019

راولپنڈی(صباح نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کورکمانڈر کانفرنس ہوئی جس میں ملکی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، کور کمانڈرز میں کئے گئے فیصلوں کا اعلان آج کیا جائے گا۔کور کمانڈر کانفرنس فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہوئی جس میں اعلی فوجی افسران شریک ہوئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور آج بروز بدھ کو سہہ پہر 3 بجے پریس کانفرنس کے ذریعے کور کمانڈر کانفرنس کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔جبکہ ملکی سلامتی صورتحال، کشمیر اور دیگر اہم معاملات پر بریفنگ دیں گے۔

ٹی وی رپورٹ کے مطابق اہم کور کمانڈرز کانفرنس 7 گھنٹے سے زائد جاری رہی اور روایت کے برعکس کورکمانڈرز کانفرنس کی پریس ریلیز جاری نہ کی گئی۔

کانفرنس میں افغان امن عمل میں پیشرفت اور کشمیر کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک کو درپیش مسائل اور سرحدی چیلنجز کے معاملات بھی زیر غور آئے۔کورکمانڈر کانفرنس صبح 9:30 پر شروع ہوئی تھی جو شام تک جاری رہی۔