سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کی وجہ بتادی!

December 11, 2019

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں جاری پہلے ٹیسٹ میں ٹاس جیتنے والے سری لنکن کپتان دیمتھ کرونا رتنے کہتے ہیں کہ انہوں نے پاکستان کے مقابلے پر بیٹنگ پہلے کرنے کا درست فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پچ بیٹنگ کے لیے اچھی ہے، ابھی کریز پر وکٹ کیپر ڈک ویلا موجود ہیں، جو ون ڈے کرکٹ میں اننگز کی شروعات کرتے ہیں، انہیں امید ہے کہ دوسرے دن ان کی ٹیم 300 کے ہندسے کو عبور کر لے گی، جو اس پچ پر ایک اچھا اسکور ہوگا۔

دیمتھ کرونا رتنے نے 110گیندوں پر 9 چوکوں کیساتھ 59 رنز کی اننگز کھیلی

ڈیمتھ کرونا رتنے کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم میں دو اسپنرز موجود ہیں، اور وہ خیال کرتے ہیں کہ اس پچ پر چوتھی اننگز آسان نہیں ہوگی، کھانے کے وقفے پر 89 رنز بنا کسی نقصان کے بعد دوسرے سیشن میں چار وکٹ گنوانے کے سوال پر سری لنکا کے کپتان نے کہا کہ بیٹسمین غلطی کر گئے، جس کا انہیں احساس ہے۔

یہ بھی پڑھیے: پنڈی ٹیسٹ کا پہلا دن: سری لنکا کے 5 وکٹوں پر 202 رنز

دیمتھ کرونا رتنے کا مزید کہنا تھا کہ ٹیسٹ میچ کا پہلا دن دونوں ٹیموں کے لیے اچھا کہا جا سکتا ہے۔

راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے دن سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کپتان دیمتھ کرونارتنے نے کیرئیر کے 63 ویں ٹیسٹ میں 24ویں نصف سینچری اسکور کی، کولمبو سے تعلق رکھنے والے 31سال کے کرونا رتنے نے 110 گیندوں پر 9 چوکوں کیساتھ 59 رنز کی اننگز کھیلی، اور پہلی وکٹ پر اوشادا فرنینڈو کیساتھ 96 رنز کی شراکت بھی قائم کی تھی۔