• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنڈی ٹیسٹ کا پہلا دن: سری لنکا کے 5 وکٹوں پر 202 رنز

پنڈی ٹیسٹ کا پہلا دن: سری لنکا کے 5 وکٹوں پر 202 رنز


پنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز سری لنکا نے پہلی اننگز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنالیے۔ کم روشنی کے باعث 68 اعشاریہ ایک اوور کا کھیل ممکن ہوسکا۔

جب کھیل ختم ہوا تو دھننجایا ڈی سلوا 38 اور نیروشان ڈکویلا 11 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

سری لنکن ٹیم کے کپتان دیموتھ کرونا رتنے نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کافیصلہ کیا، اور اوشادا فرنانڈو کے ساتھ مل کر 96 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔

پنڈی ٹیسٹ کا پہلا دن: سری لنکا 5 وکٹوں پر 202 رنز
شاہین شاہ آفریدی کا وکٹ لینے کے بعد جشن منانے کا انداز

پاکستان کو پہلی کامیابی کھانے کے وقفے کے بعد اُس وقت ملی جب 59 رنز کے انفرادی اسکور پر کرونا رتنے فرنانڈو کا ساتھ چھوڑ گئے، اُنہیں شاہین شاہ آفریدی نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

دوسری وکٹ کے لیے پاکستانی بولرز کو زیادہ دیر انتظار نہیں کرنا پڑا، نسیم شاہ نے اوشادا فرنانڈو کو 40 رنز پر حارث سہیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروادیا۔

کشال مینڈس بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 10رنز بناکر عثمان شنواری کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں عثمان شنواری کی یہ پہلی وکٹ ہے۔

پنڈی ٹیسٹ کا پہلا دن: سری لنکا 5 وکٹوں پر 202 رنز
نسیم شاہ سری لنکن بیٹسمین کو پویلین کی راہ دکھاکر خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔

ابھی ٹیم کے مجموعی اسکور میں صرف سات رنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ دنیش چندیمل کو محمد عباس نے کلین بولڈ کردیا، اینجلو میتھیوز کو نسیم شاہ نے 31 رنز پویلین کی راہ دکھائی۔

کم روشنی کے باعث جب میچ ختم کیا گیا تو 68 اعشاریہ ایک اوور کا کھیل ہوا تھا اور مہمان ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے تھے۔ دھننجایا ڈی سلوا 38 اور نیروشان ڈکویلا 11 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

پنڈی ٹیسٹ کا پہلا دن: سری لنکا کے 5 وکٹوں پر 202 رنز
پہلے روز کھیل کے اختتام پر دھننجایا ڈی سلوا 38 اور نیروشان ڈکویلا 11 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

پاکستان کی طرف سے پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے نسیم شاہ نے دو، جبکہ عثمان شنواری، شاہین شاہ اور محمد عباس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ میں قومی ٹیم 4 فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اُتری ہے، عابد علی کو چیف سلیکٹر اور کوچ مصباح الحق نے ٹیسٹ کیپ دی جبکہ عثمان خان شنواری کو بولنگ کوچ وقار یونس نے ٹیسٹ کیپ پہنائی۔

پنڈی ٹیسٹ کا پہلا دن: سری لنکا 5 وکٹوں پر 202 رنز
محمد عباس چندیمل کی وکٹ لینے کے بعد خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔

ٹاس کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی پوری ٹیم پہلی بار اپنے ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ کھیل رہی ہے، یہ جذباتی لمحات ہیں، کوشش ہوگی کہ میچ جیت کر اسے مزید خوشگوار بنائیں۔

ٹیم پاکستان: اظہر علی (کپتان)، شان مسعود، عابد علی، بابر اعظم، حارث سہیل، اسد شفیق، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور عثمان خان شنواری۔

ٹیم سری لنکا:دیموتھ کرونارتنے (کپتان)، اوشادا فرنانڈو، کوشل مینڈس، اینجیلو میتھیوز، دنیش چندیمل، نروشان ڈک ویلا (وکٹ کیپر)، دھننجایا ڈی سلوا، دلروان پریرا، وشوا فرنانڈس، کاسون راجیتھا، لہیرو کمار۔

تازہ ترین