اسپتال پر حملہ، 7 وکلاء کا جسمانی ریمانڈ، 39 کو جیل بھیج دیا گیا، ڈاکٹروں کا احتجاج، وکیلوں کی ہڑتال

December 13, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

اسپتال پر حملہ، 7وکلاء کا جسمانی ریمانڈ، 39کو جیل بھیج دیا گیا

لاہور(نمائندگان جنگ) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر حملے کے الزام میں گرفتار 39 وکلا کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور 7 وکیلوں کا جسمانی پر پولیس کے حوالے کردیا،پولیس نے مزید 29 وکلاء کو گرفتار کرلیا جبکہ اس واقعے کے خلاف ڈاکٹروں نے احتجاج اور وکلا نے ہڑتال کی۔

وکلاء جائنٹ ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ آج پورے ملک میں ہڑتال کریں گے۔عدالت نے گرفتار وکلا کا طبی معائنہ کرانے کی بھی ہدایت کی پولیس نے ملزم وکلا کو چہروں پر کپڑا چڑھا کر اور ہتھکڑیوں میں خصوصی عدالت کے روبرو پیش کیا جن ملزمان کو چہرے ڈھانپ کر عدالت میں پیش کیا گیا۔

ان میں عدنان بھٹی، بشارت عباس، سجاد رشید، محمد عمران، محمد عظیم، سید ذیشان علی، مدثر رشید، ملک محمد ارشد، جنید ارشد، رانا اسلام، محمد اسد سلیمان، عمران نعیم، ارشد ولد ولائیت، علی عمران، حسان مرزا، حافظ عمیر، فہیم شوکت، شیخ عرفان علی بن خالد، اسد ظفر، ملک فاروق، حافظ تنویر، دلاور غیاث احمد، ارسلان رضا، محمد توراب وڑائچ، مطیع الرحمٰن، رانا کوثر، ساجد حسین، مقصود احمد، حسن علی اور حافظ محمد شکیل شامل ہیں۔

ملزم وکلا کی طرف سے غلام مرتضیٰ ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ پولیس کا دعوی ہے کہ 46 ملزم وکلا کو عدالت میں پیش کیا گیا جن میں 7 وکلا کا جسمانی ریمانڈ منطور ہوا جبکہ 39 وکلا کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا اس موقع پر خصوصی عدالت کے اندر اور باہر سخت ترین حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے اور کسی بھی غیر گرفتار وکیل صحافی یا کسی بھی دوسرے شخص کو عدالت کے احاطہ میں جانے یا مرکزی گیٹ پر بھی کھڑے ہونے نہیں دیا گیا۔

پولیس نے انتہائی راز داری سے مختلف گروپوں کی شکل میں گرفتار وکلا کو پیش کیا وکلا کے خلاف پی آئی سی واقعے کے 2 مقدمات درج کئے گئے جن میں سے ایک میں ڈاکٹر اور دوسرے میں پولیس مدعی بنی ہے۔

ملزم وکلا کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے ایڈمن جج عبدالقیوم خان کے روبرو پیش کیا گیا۔

سرکاری وکیل نے ملزمان کو 14 روز کے لیے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دینے کی استدعا کی تاہم عدالت نے اسے مسترد کردیا اور ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا۔