گونی کینال کے پشتوں پر قائم تجاوزات کے خاتمے کے لئے نوٹس جاری

December 15, 2019

بدین+ٹنڈومحمدخان( نامہ نگاران) گونی کینال کے پشتوں کے دونوں جانب قائم تجاوزات کے خاتمے کے لئے آپریشن کی تیاریاں مکمل، گولارچی شہر میں پختہ عمارتوں کے مکینوں کو نوٹس جاری کرکے تجاوزات پر نشانات لگادیئے گئے اس سلسلے میں محکمہ آبپاشی کے انجینیر یاور میمن ، ایس ڈی او شمس میمن ،محکمہ ریونیو، پولیس اور ٹائون کمیٹی انتظامیہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں گونی کینال پر ایک سو کلو میٹر طویل پشتوں کے دونوں جانب تجاوزات کے خاتمے کے لئے آپریشن پر حکمت عملی طے کرلی گئی، دیہی علاقوں میں نہر کے کناروں پر قائم کچے گھروں ، اراضی اور شہروں میں پختہ عمارتوں کو خالی کرنے کے لئے متاثرین کو 19دسمبر تک تجاوزات کے زمرے میں آنے والی عمارتوں ، دکانوں ، ہوٹلوں اور اراضی کو خالی کرنے کے نوٹسسز جاری کر دیئے گئے ہیں ۔جبکہ تجاوزات پر نشانات بھی لگا دیئے گئے ہیں اس ضمن میں انجئنیر گونی کینال کا کہناتھا کہ آپریشن سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کیا جا رہا ہے تجاوزات کے خاتمے کا یہ آپریشن بلاتفریق ہوگا۔ ٹنڈومحمدخان:امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ٹنڈومحمدخان میں بہت بڑا آپریشن ہونے جارہاہے سرکاری کاغذات ہونے والے متاثرین کو بھی انکروچمنٹ قرار دے کر انہیں بھی مسمار کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں یہ بات انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی کہ عدالتی حکم کی آڑ میں محکمہ آبپاشی پھلیلی کینال کی انتظامیہ کی جانب سے آپریشن کیا جارہاہے انتظامیہ قیام پاکستان سے قبل کے سرکاری کاغذات رکھنے والے مالکان کے گھروں دکانوں کو بھی مسمار کرکے انہیں بے گھر کرنا چاہتی ہے۔