جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی، لبنیٰ بیگ کی دوسری مدت کیلئے سمری مسترد

December 16, 2019

کراچی(سید محمد عسکری) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی پرو وائس چانسلر ڈاکٹر لبنیٰ بیگ کی دوسری مدت کے لئے سمری مسترد کر کے ان کی جگہ سنیارٹی کے اعتبار سے ٹاپ ٹین میں بھی نہ آنے والے جونیئر پروفیسر کو پرو وائس چانسلر مقرر کیا جارہا ہے، جس کی سمری تاخیر کرکے بھیج دی گئی ہے ۔ ڈاکٹر لبنیٰ بیگ کی چار سالہ مدت گزشتہ روز ختم ہوگئی تھی۔ڈاکٹر لبنیٰ بیگ کو سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد کے دور میں پی وی سی مقرر کیا گیا تھا انھوں نے کینیڈا کی یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کیا تھا۔ محکمہ بورڈز و جامعات کے مطابق ان کی دوبارہ تعیناتی سے متعلق درخواست موصول ہوئی تھی تاہم وزیر اعلیٰ سندھ نے ان کے نام پر عدم اتفاق کرتے ہوئے تین ناموں پر مشتمل پینل مانگ لیا تھا، ذرائع کے مطابق جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی سنیارٹی کی بنیاد پر پہلے نمبر پر پروفیسر اقبال آفریدی، دوسرے نمبر پر پروفیسر غلام سرور اور تیسرے نمبر پر پروفیسر اظہر مغل آتے ہیں تاہم ان کی جگہ ایک ایسے پروفیسر کو پرووائس چانسلر بنایا جارہا ہے جو سنیارٹی کے اعتبار سے ٹاپ ٹین میں بھی نہیں آتے تاہم وہ جناح اسپتال میں زیر علاج ایک سیاسی قیدی کے معالج ضرور رہے تھے۔ یاد رہے کہ جامعات کے ایکٹ میں ترمیم کے بعد پرووائس چانسلر کے تقرر کے سلسلے میں وائس چانسلر کی منظوری ختم کردی گئی تھی اور یہ اختیار حکومت کو حاصل ہوگیا تھا کہ وہ اپنی مرضی سے جامعات میں پرووائس چانسلر مقرر کرسکتی ہے یہی وجہ ہے کہ سندھ یونیورسٹی میں چار سے زائد پرووائس چانسلر تعینات رہے اور سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح برفت نے مرضی کے خلاف سفارشی اور سیاسی بنیادوں پر پی وی سی مقرر کرنے پر احتجاج بھی کیا تھاجس سے ان کے حکومت سے اختلافات بھی ہوگئے تھے اور حکومت نے انہیں ہٹا بھی دیا تھا لیکن عدالت نے انہیں واپس عہدے پر بحال کردیا تھا، دلچسپ امر یہ ہے کہ جامعہ کراچی جو ملک کی سب سے بڑی جامعہ ہے جہاں ریگولر طلبہ کی تعداد 40 ہزار سے زیادہ ہے ایک پرووائس چانسلر بھی نہیں ہے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر اجمل خان کے دور میں جب ڈاکٹر خالد عراقی اور ڈاکٹر جمیل کاظمی کو پرووائس چانسلرز مقرر کرنے کی سمری بھیجی گئی تو انھوں نے سخت مخالفت کی تھی اور وہ پی وی سی کو غیر ضروری قرار دیتے تھے جس کی وجہ سے جامعہ کراچی میں پرووائس چانسلر کا تقرر نہیں ہوسکا تھا۔ اس وقت کراچی کی ڈائو میڈیکل یونیورسٹی میں تین پرووائس چانسلرز ہیں جن میں ڈاکٹر زرناب واحد کو ریٹائر ہونے کے باوجود دوسری مدت کے لئے بھی پی وی سی بنایا جاچکا ہے اس کے علاوہ وہ ڈائو انٹرنیشنل میڈیکل کالج کی پرنسپل بھی ہیں جبکہ دوسرے پی وی سی ڈاکٹر خاور سعید جمالی اور تیسرے ڈاکٹر کرتار دوانی ہیں۔