مہنگائی کی وجہ کرپشن مافیا اور ناقص حکمت عملی ہے،پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی

December 16, 2019

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ جب تک ایک عام آدمی، مزدور، ہاری اور کسان اسمبلیوں میں نہیں جائے گا،ہمارا ملک ترقی نہیں کر سکتا نہ ہی حقیقی تبدیلی آسکتی ہے۔صرف چہرے بدلنے سے نظام نہیں بدلا کرتے۔ دوہری شہریت رکھنے والے سرکاری ملازمین سے ایک شہریت واپس لی جائے یا ان کو فارغ کیا جائے۔مہنگائی سے بدحال عوام نے پاسبان مہنگائی کنونشن میں شرکت کر کے ہاتھ اٹھا کر مہنگائی کے خلاف تحریک کا اعلان کر دیا ہے۔کراچی ملک کا ستر فیصد ریونیو دیتا ہے لیکن کراچی کے لوگوں کو پینے کا پانی تک میسر نہیں۔ وہ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے زیر اہتمام سپر ہائی وے، سہراب گوٹھ پر مہنگائی کنونشن کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد، جنرل سیکریٹری سردار ذوالفقار،کورنگی کے صدرکلیم اللہ، عمیر صدیقی،زبیر، سعیداللہ، عبدالقیوم،فضل ربی خان و دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ الطا ف شکور نے کہا کہ ا س تعفن زدہ،بدبودار اور گلے سڑے سیاسی ماحول میں پاسبان روشنی اور امید کی کرن ہے جو ہمیشہ ظلم کے خلاف عوام کے حق میں آواز بلند کرتی رہی ہے اور عوام کے حقوق کی جدو جہد کی جنگ لڑتی رہے گی۔ پاسبان اس روایتی سیاست کے تابوت میں پہلی اور آخری کیل ثابت ہو گی۔الطاف شکور نے مزید کہا کہ ہر طرف مہنگائی کا طوفان ہے اور اس ہوشربا مہنگائی کی اصل وجہ کرپشن مافیا اور سیاسی اور انتظامی امور میں بد دیانتی و ناقص حکمت عملی ہے۔ تحریک انصاف نے عوام کو مایوس کیا۔ تبدیلی کے نعرے، ایک کروڑ سرکاری نوکریاں اورنئے پاکستان و خوشحالی کے خواب دکھا کر عوام سے سب کچھ چھین لیا۔