جلد، بالوں اور ناخنوں کیلئے زیتون کا تیل کتنا مفید؟

December 28, 2019

زیتون ایسا پھل ہے جو اپنے اندر ان گنت فوائد رکھتا ہے اور اس کے تیل میں بھی صحت کے حوالے سے یہی خوبیاں پائی جاتی ہیں۔

یہ گھی کا متبادل ہے ، اس میں موجود فیٹی ایسڈز، وٹامنز اور دیگر اجزا انسان کی صحت کے لئے بےحد مفید ہیں۔

ناصرف یہ بلکہ زیتون کا تیل ہماری خوبصورتی کے لیے بھی بہت مفید ہے۔ اِس میں وٹامن ای موجود ہوتا ہے جو ہماری جِلد، بالوں، ہونٹوں اور ناخنوں کی خوبصورتی کے لیے بہت اہم ہے۔

زیتون کے تیل کے فوائد:

خوبصورت جلد کے لیے زیتون کا تیل:

زیتون کا تیل مختلف طریقوں سے ہماری جِلد کو فائدہ پہنچاتا ہے،خوبصورت جِلد کے لیے اسے مختلف طریقوں سے استعمال کیا جاتا ہے۔

زیتون کے تیل میں اینٹی آکسیڈینٹ اور اینٹی بیکٹیریل خصوصیا ت موجود ہوتی ہیں، آپ زیتون کے تیل کو ایک موائسچرائزر کے طور پر بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

خوبصورت جِلد کے لیے زیتون کے تیل کو بہت سے طریقوں سے استعمال کیا جا سکتا ہے، منہ دھونے سے پہلے زیتون کے تیل کے 2 سے 3 قطرے لے کر منہ پر لگائیں اور کچھ دیر کے بعد منہ دھو لیں اِس سے آپ کی جلد نرم و ملائم ہوجائے گی۔

اِس کے علاوہ اس سے آپ آنکھوں کا میک اپ بہت آسانی سے اُتار سکتے ہیں آپ اپنے اِسکرب میں بھی زیتون کا تیل مِلا سکتے ہیں، اِس سے آپ کی جِلد نِکھر جائےگی۔

ناخنوں کے لیے زیتون کا تیل:

زیتون کا تیل صرف جِلد کی خوبصورتی کے لیے مفید نہیںبلکہ یہ ہمارے صاف شفاف اور مضبوط ناخنوں کے لیے بھی مفید ہے، زیتون کا تیل ہمارے ناخنوں کی اچھی نشونما میں مدد کرتا ہے، اِس کے علاوہ یہ ہمارے ناخنوں کو مضبوط بناتا ہے اورانہیں شیشے کی طرح چمکاتا ہے۔

ناخنوں کے لیے زیتون کا تیل استعمال کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ آپ روزانہ 10 سے 15 منٹ تک زیتون کے تیل میں اپنے ناخن ڈال کر بیٹھ جائیں او ر رات کو سونے سے پہلے بھی اپنے ناخنوں پر زیتون کا تیل لگا کر سو جائیں، اِس سے آپ کے ناخنوں کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا۔

بالوں کے لیے زیتون کا تیل:

زیتون کا تیل بالوں کی اچھی صحت کے لیے بہت فائدہ مند ہے، گِرتے ہوئے بالوں کو روکنے میں مدد کرتا ہے، اگر آپ کے بالوں میں خُشکی ہے تو اُس سے نجات پانے کے لیےاس تیل کی مالش کرسکتے ہیں اِس سے آپ بہت جلد سر کی خُشکی سے چُھٹکارا پاسکتے ہیں۔

نرم و ملائم ہونٹوں کے لیے:

اگر آپ کے ہونٹ سردی کی وجہ سے خُشک اور پھٹ گئے ہیں تو آپ اپنے ہونٹوں پر زیتون کا تیل لگا سکتے ہیں اِس سے آپ کے ہونٹ نرم و ملائم ہوجائیں گے۔

زیتون کے تیل سے ہونٹوں کے لئے اسکرب بھی بنایا جا سکتا ہے۔

اسکرب بنانے کا طریقہ یہ ہے کہ پسی ہوئی براؤن شوگر لے کر اُس میں زیتون کے تیل کے چند قطرے مِلا لیں اور پھر اُس میں چند قطرے لیموں کا رس ڈال کر مکس کرلیں، اِس طرح آپ کے ہونٹوں کے لیے اِسکرب تیار ہوجائے گا اور آپ روزانہ اِس کو اپنے ہونٹوں پر لگا سکتے ہیں۔