کراچی میں فائرنگ سے ڈاکو زخمی، پتوکی میں 3 ڈکیت گرفتار

January 03, 2020

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 16 میں شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی جبکہ دوسرا فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ڈاکو شہری کو لوٹ کر فرار ہو رہے تھے کہ شہری نے ان پر فائرنگ کر دی۔

گلستان جوہرِ بلاک 16 میں ڈاکوؤں نے شہری کو اسلحے کے زور پر لوٹا، جس کے بعد ڈاکوؤں نے فرار ہونے کی کوشش کی تو شہری نے فائرنگ کرکے ایک ڈاکو کو زخمی کر دیاجس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

پولیس کے مطابق زخمی ڈاکو کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے جبکہ ڈاکو کے ساتھی کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: ڈاکو مقدمات کی فائلوں کا پوچھتے رہے، اکرم شیخ

ادھر پنجاب کے ضلع قصورکی تحصیل پتوکی میں قصور پولیس نے تاجر کو قتل کرنے والے 3 خطرناک ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور لوٹا ہوا مال برآمد کر لیا۔

ڈی پی او قصور زاہد نواز مروت نے پتوکی میں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ دسمبر کے پہلے ہفتے میں 3 ڈاکوؤں نے تاجر اشفاق کو مزاحمت پر قتل کر دیا تھا اور فرار ہو گئے تھے۔

پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور جیو فینسنگ کی مدد سے تینوں ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا، جن میں سے 2 ڈاکو مانگا منڈی اور ایک راجن پور کا رہائشی ہے۔

گرفتار ملزمان میں نعیم ' وقاص اور ذیشان شامل ہیں، ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں درجنوں وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔