شراپووا بھی بش فائر فنڈ کیلئے میدان میں آ گئیں

January 08, 2020

Your browser doesnt support HTML5 video.

شراپووا بھی بش فائر فنڈ کیلئے میدان میں آ گئیں

روسی ٹینس اسٹار ماریہ شراپووا بھی بش فائر فنڈ کے لیے میدان میں آ گئیں۔ اپنے دستخط شدہ جوتے فروخت کےلیے پیش کر دیئے، جس سے حاصل ہونے والی رقم آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی آگ کی ریسکیو سرگرمیوں میں استعمال کی جائے گی۔

روسی ٹینس اسٹار ماریہ شراپوا برسبین اوپن میں شرکت کے لیے آسٹریلیا میں ہیں۔ جہاں جنگلات میں آگ بھڑکی ہوئی ہے اور کھلاڑی بھی بش فائر فنڈز کے لیے میدان عمل میں ہیں۔ روسی ٹینس اسٹار ماریہ شراپوا نے بھی فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے اپنے دستخط شدہ پانچ جوڑی جوتے ہوٹل میں رکھ دیئے ہیں۔

روسی ٹینس اسٹار نے بش فائر فنڈ کیلئے اپنے دستخط شدہ جوتے فروخت کےلیے پیش کر دیئے

اپنے پیغام میں شراپووا کا کہنا ہے کہ کوئی بھی تین سو ڈالرز ڈونیشن کے ساتھ ایک جوڑی لے سکتا ہے۔ تمام تر رقم براہ راست ریسکیو سرگرمیوں کے لیے ریڈ کراس کو دی جائے گی۔

لیجنڈری فاسٹ بالر جیف تھامسن نے بھی اپنی ٹیسٹ کیپ اور سویٹر نیلامی کے لیے پیش کر دیا ہے۔

آسٹریلین اوپن کے آغاز میں تاخیر کے خدشات

واضح رہے کہ بش فائر کے دھوئیں کی وجہ سے سال کے پہلے گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن کے آغاز میں تاخیر کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں، تاہم ان خدشات کو رد کرتے ہوئے منتظمین کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی صحت کی حفاظت کے لیے پہلے ہی سے اقدامات کر لیے گئے ہیں۔

سال کا پہلا گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ 20 جنوری سے میلبرن میں شروع ہوگا۔ میلبرن بھی اس وقت بش فائر کے دھوئیں کی لپیٹ میں ہے۔

دوسری جانب اے ٹی پی پلیئرز کونسل کے صدر نوواک جوکووچ نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر صورت حال میں بہتری نہیں آتی تو منتظمین کو ایونٹ مؤخر کرنے کے بارے میں غور کرنا چاہیے۔

ٹینس آسٹریلیا کے چیف کریگ ٹیلی نے ایونٹ کے انعقاد میں تاخیر کے امکان کو رد کر دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے تمام تر معلومات اکٹھی کی ہیں۔ آنے والے دنوں کے حوالے سے اچھی پیشگوئی ہے۔ میلبرن میں لوگوں کو خطرہ درپیش نہیں۔ اس لیے ایونٹ میں کسی تاخیر کی توقع نہیں کر رہے۔ پھر بھی حفاظتی اقدامات کر لیے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ پورے ٹورنامنٹ کے دوران صورت حال کو مانیٹر کیا جائے گا۔