روپیہ کنٹرول میں ہے ، معیشت میں بہتری کے آثار نمایاں ہیں، رزاق داؤد

January 11, 2020

Your browser doesnt support HTML5 video.

مشیر تجارت رزاق داؤد کا کہنا ہے کہ جاری کھاتوں کا سرپلس ہو چکا، روپیہ کنٹرول ہو گیا ہے جبکہ معیشت میں بہتری کے آثار نمایاں ہیں۔

کراچی کے مقامی ہوٹل میں ایڈیبل آئل کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں مشیر تجارت رزاق داؤد کا کہنا تھا کہ حکومت نے صنعت کاروں کے لیے ریفنڈز کی صورتحال بہتر کر دی ہے اور ایکسپورٹ پر مبنی شرح نمو کی حکمت عملی بنا لی ہے۔

رزاق داؤد کا کہنا تھا کہ چاول کے ایکسپورٹرز نے سبسڈی کے بغیر بیرونی فروخت ڈھائی ارب ڈالر تک بڑھانے کی حکمت عملی بنائی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صنعتی شعبے کی نسبت زرعی شعبے کے مسائل زیادہ ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں مشیر تجارت نے کہا کہ ہڑتال کے خاتمے کے لیے گڈز ٹرانسپورٹز سے بات چیت شروع کر رہے ہیں۔

خوردنی تیل امپورٹ سے متعلق مشیر تجارت رزاق داؤد نے کہا کہ یہ امپورٹ ملکی وسائل پر بوجھ ہے، رواں سال ملک میں خوردنی تیل پیداوار بڑھی ہے لیکن بڑے پیمانے پر انحصار کے لیے فی ایکڑ پیداوار 25 من فی ایکڑ ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ساڑھے 3 ارب ڈالر خوردنی تیل امپورٹ خاتمے کے لیے طویل مدتی حکمت عملی بنانا ضروری ہے۔

مشیر تجارت کے مطابق 3 سال میں بتدریج ملکی پیداوار بڑھائیں گے تاکہ خوردنی تیل امپورٹ کم ہو۔

انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے بیرونی منڈیوں تک رسائی کر رہے ہیں، صنعتوں کے لیے گیس، بجلی کنکشن جیسے مسائل حل کیے جا رہے ہیں۔