امریکا میں طوفان، سائبیریا میں غیر متوقع گرم موسم

January 12, 2020

امریکا کے جنوبی اور شمال وسطی حصوں کو بدترین طوفان کا سامنا ہے، مختلف علاقوں میں آندھی، بارش اور سیلاب کے باعث 11 افراد ہلاک ہوگئے۔

روس کے سرد مقام سائبیریا میں غیر معمولی گرم موسم کے باعث برف پگھلنے لگی ہے، چین کے مختلف حصوں میں موسم کے الگ الگ رنگ نظر بکھرے ہوئے ہیں۔

امریکا کے جنوبی اور شمال وسطی حصوں میں طوفان کے باعث لاکھوں افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے، مشی گن میں 12 انچ تک برف باری کی پیشگوئی کی گئی ہے، ٹیکساس، اوکلاہوما سمیت مختلف ریاستوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور برف باری ہوئی، شکاگو میں ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔

ٹیکساس، لوزیانا سمیت 13 امریکی ریاستوں میں ڈھائی لاکھ سے زائد صارفین کو بجلی کی فراہمی منقطع ہے، جارجیا میں ایک گھر کے تیز ہواؤں کی لپیٹ کے مناظر کیمرے میں قید ہوگئے۔

روس کا انتہائی سرد مقام سائبیریا ان دنوں غیر معمولی گرم موسم کی لپیٹ میں ہے، سڑکوں پر موجود برف پگھلنے سے کئی علاقوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی، کچھ گاؤں جزیروں کا منظر پیش کرنے لگے ہیں۔

چین کے مختلف حصوں میں موسم کے بھی الگ الگ رنگ نظر آ رہے ہیں، شمالی حصے میں برف باری کے بعد ہر شے سفید رنگ میں تبدیل ہوگئی ،بلند و بالا پہاڑ بادلوں میں چھپ گئے جبکہ ابنر منگولیا میں آئس ڈریگن بوٹ کے مقابلے شروع ہوگئے ہیں۔