سوا لاکھ نئی بھرتیوں کی ہدایت، اسامیاں پر کرنے کا لائحہ عمل 60 دن میں مکمل اور سرکاری ملازمین کے30 سال سے زیرالتوا معاملات بھی حل کریں، کابینہ

January 15, 2020

Your browser doesnt support HTML5 video.

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

اسلام آباد(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ ایم کیو ایم اہم اتحادی ہے، خالد مقبول صدیقی کو کابینہ میں واپس لائیں گے، اتحادی جماعتوں نے حکومت کا ہر مشکل میں ساتھ دیا، حکومت اتحادی جماعتوں کے تمام تحفظات کو دور کرے گی اور انھیں ہمیشہ ساتھ لے کر چلے گی۔

عمران خان نےمعاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو ہدایت کی کہ گریڈ 17سے 21تک کے 2543افسران جنہوں نے خودیا اپنی بیگمات کے نام پر بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھایا ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ان کے نام منظر عام پر لائے جائیں جبکہ وفاقی کابینہ نے 2020 کو روزگار کا سال قرار دیتے ہوئے مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں پر مختص بجٹ کی ایک لاکھ 29 ہزار آسامیوں کے لئے بھرتی کے لائحہ عمل کو عمل کو آئندہ 60 دنوں میں مکمل کرنے اور 30سال سے سرکاری ملازمین کی بھرتیوں ، ترقیوں ، انضباطی کا روائیوں اور سنیارٹی کے زیرالتواء ایشوز کو حل کرنے کی منظوری دیدی۔

مردم شماری 2017کے مطابق وفاقی ملازمتوں میں فاٹا اور گلگت بلتستان کے چار فیصد کو علیحدہ کرنے، وزارت قومی صحت و خدمات کا نام تبدیل کر کے وزارت صحت و آبادی کرنے، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین ترمیم شدہ ائیر سروسز کے معاہدے جبکہ رئیر ایڈمرل ذکاءالرحمان کو ڈائریکٹر جنرل پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی، بریگیڈئیر ضیاءعابد باجوہ کو ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا میں ممبر پروڈوکشن اور سردار عبدالمجید خان کو وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس کراچی میں ممبر تقرری کی منظوری بھی دی ہے۔

وزارت داخلہ نے نادرا میں خواتین کے شناختی کارڈ کے لئے جمعہ کا دن مقرر کر دیا ‘ذرائع کے مطابق کابینہ نے چوہدری شوگرمل کیس میں رہنما مسلم لیگ (ن) مریم نواز اور جاوید لطیف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش منظور کرلی ہے‘ کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے نام ڈالنے کی منظوری دی، مریم نواز اور جاوید لطیف کا نام نیب کی سفارش پر ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے۔عام شہریوں کی پارلیمانی کارروائی دیکھنے کے لئے پارلیمنٹ میں عام آدمی گیلری قائم کر دی گئی ہے ۔

منگل کو معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی، لاہور، پشاور اور ملتان میں کثیر المنزلہ عمارات کی تعمیر کے حوالے سے کابینہ نے اپنے اس فیصلے کا اعادہ کیا کہ ماسوائے ان علاقوں کے کہ جن کی سول ایوی ایشن حکام کی جانب سے ہوابازی کی ضروریات کے تحت نشاندہی کر دی گئی ہے باقی علاقوں میں کثیر المنزلہ عمارات کی تعمیر کے لئے این او سی کے حصول کی شرط نہیں ہوگی ۔

تاہم اس حوالے سے تعمیرات (بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی) کے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔وزارتِ ہوابازی کی جانب سے موسم کی معلومات کے لئے موبائل ایپلی کیشن کا اجراءکر دیا گیا ہے۔کابینہ کو بتایا گیا کہ ایک سے چار گریڈ کے ملازمین کی بھرتیوں کے لیے نظام وضع کر دیا گیا ہے۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ وزارتِ صحت کی جانب سے ہسپتالوں کی او پی ڈی میں کیو (ٹوکن) سسٹم متعارف کرایاجا رہا ہے۔وزارتِ اوورسیز پاکستانیز کی جانب سے ”کال سرزمین“ موبائل ایپلی کیشن کا اجراءکر دیا گیا ہے۔

وزارتِ انفامیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے بچوں کے لئے سمارٹ ہیلمٹ متعارف کرائے گئے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ تمام ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کے پنشن کاغذات ایک ہفتے میں مکمل کرنے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ وزارتِ خزانہ میں معیشت کے حوالے سے خبروں پر نظر رکھنے اور معلومات کی فراہمی کے لئے ایک مخصوص سیل قائم کر دیا گیا ہے۔

نوجوان نسل کو نشے اور منشیات کی عفریت سے محفوظ رکھنے کے لئے زندگی اپلیکیشن کا اجراءکر دیا گیا ہے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ کلاس فور کی نوکریوں کی درخواست کے لئے پانچ سو فیس ختم کر دی گئی ہے۔

وزارتِ ہوابازی کی جانب سے بتایا گیا کہ ایئرپورٹ پر اسلحوں کی نمائش کی روک تھام کے لئے اے ایس ایف کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ پاکستان ریلویز کی جانب سے بتایا گیا کہ 65سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کو کرایوں میں پچاس فیصد جبکہ 75سال کی عمر کے افراد کو 100فیصد رعایت دی جا رہی ہے۔

معاون خصوصی نے بتایا کہ گمشدہ بچوں کی برآمدگی کے لئے "میرا بچہ"اپلیکیشن متعارف کرا دی گئی ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے معاونِ خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو ہدایت کی کہ گریڈ سترہ اور اس سے اوپر کے تمام افسران جو ناجائز طریقوں سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہو رہے تھے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ان کے نام منظر عام پر لائے جائیں۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے وفاقی حکومت کے مختلف اداروں کی تین پراپرٹیز کو نیا پاکستان ہاؤسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ٹرانسفر کرنے کی منظوری دی تاکہ ان پر کم آمدنی والے افراد کے لئے گھروں کی تعمیر شروع کی جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ پی ایس او کے منیجنگ ڈائریکٹر کی تعیناتی کا ایجنڈا موخر کر دیا گیا۔کابینہ نے پالیسی میں رعایت کرتے ہوئے ائیر سیال کے سیکورٹی ڈیپازٹ میں سے دس فیصد ضبط نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے لاہور ہائی کورٹ کی سفارش پر چوہدری ظفر اقبال نعیم، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (بی ایس 21) کو جج بینکنگ کورٹ VIتعینات کرنے کی منظوری دی۔کابینہ نے پانچ ہومیوپیتھک کالجز کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔

لاہور ہائیکورٹ نے خصوصی عدالت کے قیام کو کالعدم قرار دینے کا مختصر فیصلہ جاری کیا ہے، تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد ہماری قانونی ٹیم جائزہ لینے کے بعد اس پر مزید کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا معاملہ عدالت میں ہے اور ابھی تک عدالت سے کوئی ہدایت وصول نہیں ہوئی۔

مریم نواز کا معاملہ آج کابینہ میں زیر بحث نہیں رہا کیونکہ اس سے بھی بہت اہم اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق ایشوز کا جائزہ لینا لازمی تھا ۔