حکومتی لہجہ یکدم تبدیل، مفاہمت میں بھونچال، ن لیگ کیخلاف محاذ کھل گئے

January 15, 2020

Your browser doesnt support HTML5 video.

حکومتی لہجہ یکدم تبدیل، مفاہمت میں بھونچال، ن لیگ کیخلاف محاذ کھل گئے

کراچی(جنگ نیوز)جیو نیوز کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن میں بہتر ہوئی سیاسی صورتحال میں اچانک بھونچال آگیا،کچھ دن پہلے تک مفاہمت کی بات کرنے والی حکومت کا لہجہ اچانک بدل گیا، ن لیگ کے خلاف اچانک کئی محاذ کھل گئے ہیں، حکومت ن لیگ کو ریلیف ملنے کا تاثر تیزی سے ختم کر رہی ہے،حکومت نے نواز شریف کی بیماری پر پھر سے سوالات اٹھانا شروع کردیئے ہیں، اڑتالیس گھنٹے کی وارننگ دیدی ہے کہ رپورٹ جمع کروائیں ورنہ وزارت داخلہ کارروائی کرے گی۔ن لیگ کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ان جوکروں کی حرکتوں کو پوری قوم دیکھ رہی ہے، ان لوگوں میں کوئی شرم و حیانہیں ہے، یہ لوگ فوج کا بطور ادارہ مذاق بنانا چاہتے تھے لیکن ناکام ہونے کے بعد ان کے اندر کا خوف انہیں ڈرارہا ہے، یہ بوٹ کو فوج سے تشبیہ دے رہے ہیں او ر بوٹ کو سامنے رکھ کر کہہ رہے ہیں کہ یہ سب کچھ بوٹ نے یعنی فوج نے کروایا ہے۔وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد ہوم ڈیپارٹمنٹ ضمانت میں توسیع دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کرے گا نواز شریف کی صحت کو اتنے خطرات ہیں تو ریسٹورنٹ میں ان کے ذاتی معالج کو بھی ساتھ ہونا چاہئے تھا۔شاہزیب خانزادہ نے مزید کہا کہ مریم نواز کا نام ایک بار پھر ای سی ایل پر ڈال دیا گیا ہے، حکومت ن لیگ کا مذاق اڑانے لگی ہے ،ن لیگ نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع پر اہم قانون سازی میں حکومت کی حمایت کی، اس کے بعد یہ تاثر ابھرا کہ حکومت باقی چیزوں پر ن لیگ کے ساتھ چلے گی، ن لیگ کے ووٹر اور سپورٹرز نے ن لیگ پر تنقید کی،خواجہ آصف نے کہا کہ سپورٹرز ہمیں سوشل میڈیا پر گالیاں دے رہے ہیں، ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کچھ رہنماؤں نے کہا کہ آیئے پارٹی کے بیانیہ کی فاتحہ خوانی کرتے ہیں اور اب حکومت بھی ن لیگ کا مذاق اڑارہی ہے۔رانا ثناء نے کہا کہ ٹی وی پروگرام میں وفاقی وزیر جو بوٹ لے کر آئے اسے اپنے گھر سے زبان سے چمکا کر لائے تھے،وزراء اسی لئے اپوزیشن کو طعنے دیتے رہے کہ یہ سر کے بل ہاتھ جوڑ کر آئیں گے،یہ بائیس کروڑ عوام کے سامنے فوج کا کیا تاثر پیش کررہے ہیں رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع 19اگست کو ہوئی تھی، اس وقت ن لیگ کے رہنما جیل میں تھے ہم پر کیس بنائے جارہے تھے،اس کے باوجود ن لیگ کی قیادت نے ادارے کو سیاست زدہ نہ کرنے کی وجہ سے آرمی چیف کی توسیع پر اعتراض نہیں کیا، ن لیگ ہی نہیں پیپلز پارٹی اور مولانا فضل الرحمن نے بھی اس کو سپورٹ کیا تھا۔