نواز شریف کی تصویر، سیاستدانوں کی ساکھ پر سوال، تجزیہ کار

January 15, 2020

Your browser doesnt support HTML5 video.

دیکھئے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“

کراچی(جنگ نیوز)جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“میں میزبان ابصاء کومل کے پہلے سوال نواز شریف کی کیفے میں چائے پینے کی تصویر وائرل،

محکمہ داخلہ پنجاب نے نواز شریف سے میڈیکل رپورٹس طلب کرلیں،کیا تحریک انصاف کا نواز شریف پر اعتراض درست ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے محمل سرفراز نے کہا کہ نواز شریف کی ریسٹورنٹ میں تصویر لیک ہوئی اس پر تنقید تو ہوگی۔

پرویز مشرف کی شادی کی تقریب کی تصویر پر ن لیگ نے تنقید کی تھی کہ ان کا کمردرد کہاں گیا۔ بابر ستا ر کا کہنا تھا کہ نواز شریف تصویر میں ریسٹورنٹ میں کھانا کھارہے ہیں، کوئی بہت سیریس بیمار شخص عوامی مقامات پر جاکر کھانا نہیں کھاتا ہے۔

اب سب سے بڑا سوال سیاستدانوں کی ساکھ پر اٹھ گیا ہے،نواز شریف صحت یاب ہوگئے ہیں تو ملک میں آکر مقدمات کا سامنا کریں۔ حسن نثار نے کہا کہ شریف خاندان کی پہچان ہی ”خوری“ ہے،سیاستدان اپنی انہی حرکتوں کی وجہ سے معاشرے میں نفرت کی علامت بن گئے ہیں۔

مظہر عباس کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی کیفے میں تصویر پر اعتراض درست ہے، حسین نواز خود قابل اعتبار نہیں ہیں ان کا بیان کیسے قابل اعتبار ہوسکتا ہے،اگر ہوا خوری کی ضرورت تھی تو کسی پارک کی تصویر آنا چاہئے تھی،ن لیگ کا سیاسی بیانیہ وقت کے ساتھ کمزور ہوتا جارہا ہے۔

سلیم صافی نے کہا کہ نواز شریف کی ریسٹورنٹ میں تصویر ن لیگ اور پی ٹی آئی کیلئے رسوائی کا ذریعہ بن گئی ہے۔ دوسرے سوال وزیراعظم نے اتحادیوں سے مذاکرات کی ذمہ داری جہانگیر ترین کو سونپ دی۔

کیا حکومت خطرے میں ہے؟سلیم صافی نے کہا کہ جہانگیر ترین کو سپریم کورٹ غیر صادق اور غیرامین قرار دے چکی ہے ان پر کوئی دوسری جماعت کیوں اعتماد کرے۔

مظہر عباس کا کہنا تھا کہ اتحادیوں کے تحفظات پر حکومت کو خطرہ تو نہیں ہے مگر مشکل میں ضرور ہے، ایسا لگ رہا ہے کہ عمران خان کے معاملات کہیں اور خراب ہورہے ہیں۔

بابر ستا ر نے کہا کہ حکومتی اتحادی جماعتیں جو اعتراض کر رہی ہیں ا نکی ڈوریں کہیں اور سے ہلتی ہیں،ایم کیو ایم، ق لیگ،جی ڈی اے اپنے طور پر حکومت سے علیحدہ نہیں ہوں گی بلکہ یہ مشترکہ عمل ہوگا۔ محمل سرفراز کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نازک صورتحال سے گزر رہی ہے۔

پنجاب میں ان کے بائیس ایم پی ایز کا بلاک بنا ہوا ہے،گریٹر مسلم لیگ بن رہی ہے، تبدیلی سب سے پہلے پنجاب میں آئے گی اس کے بعد مڈٹرم الیکشن اور وفاق میں بھی نیشنل حکومت کی بات ہو رہی ہے۔