برفباری، مختلف حادثات: مرنیوالوں کی تعداد 100 ہوگئی

January 15, 2020

Your browser doesnt support HTML5 video.

برفباری، مختلف حادثات: مرنیوالوں کی تعداد 100 ہوگئی

آزاد کشمیر اور بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں برفانی تودے گرنے اور مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 100 ہوگئی، 90 افراد زخمی ہیں جبکہ 200 سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

آزاد کشمیر کی وادی نیلم کے گاؤں بگولی میں برفانی تودے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری رہا، واقعے میں جان سے جانے والوں کی تعداد76 ہوگئی۔

بلوچستان میں بھی 3 روز کے دوران مختلف حادثات میں 21 افراد جان سے گئے۔

آزاد کشمیر کی وادی نیلم کے دو دیہات بگولی اور سرگن سیری میں 2 روز پہلے گرنے والے برفانی تودوں سے ہوئے جانی نقصان نے پورے علاقے کو سوگوار کردیا ہے۔

لوگ اب تک اپنے پیاروں کی 76 لاشیں ملبے کے ڈھیر سے نکال چکے ہیں، بگولی میں برفانی تودے سے بدھ کو مزید 5 لاشیں نکالی گئی ہیں۔

اب بھی کئی افراد کے ملبے میں دبے ہونے کا خدشہ ہے، برفانی تودوں نے 90 افراد کو زخموں سے چور کیا اور 200 سے زیادہ مکانات کو کھنڈر بنادیا ہے، کئی گاڑیاں بھی تودوں کی زد میں آکر برباد ہوگئیں۔

وادی نیلم کا زمینی رابطہ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد سے آج بھی منقطع رہا، پاک فوج اور انتظامیہ کے امدادی آپریشنز کے ساتھ رابطہ سڑکوں کو کھولنے کی کوششیں بھی ساتھ ساتھ چلتی رہیں، کئی کئی فٹ برف نے امدادی سرگرمیوں کو شدید مشکلات سے دو چار کیے رکھا۔

بلوچستان میں بھی شدید برف باری نے صوبے میں زندگی منجمد کردی اور برفباری کا 30 برس کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، کچے مکانات گرنے اور مختلف حادثات میں 21 افراد جاں بحق ہوگئے۔